پاکستان

حکومت کا پرتشدد احتجاج کے واقعات میں متاثرہ افراد کی داد رسی کا فیصلہ


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کے واقعات کے دوران متاثرہ افراد کی داد رسی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے جب کہ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو معاوضہ پیکج تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

حالیہ احتجاج کے بعد ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کے خلاف متعدد مقدمات درج کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 31 اکتوبر کو توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کے احکامات کے بعد مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔

مظاہرین نے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے علاوہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اور بعدازاں حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان ایک معاہدے کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔

مزید خبریں :