Time 13 نومبر ، 2018
کھیل

آفریدی اور کراچی کنگز کی راہیں جدا، پی ایس ایل پلیئرز کی ریلیز کا مرحلہ مکمل

کراچی کنگز نے شاہد آفریدی کو ریلیز کرتے ہوئے، پلاٹینیم میں کولن منرو، محمد عامر اور بابر اعظم کو رکھا ہے— فوٹو:فائل 

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ٹیموں کی تشکیل کیلئے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل پلیئرز کو ریلیز کرنے کا مرحلہ مکمل ہوگیا جس کے ساتھ ہی شاہد آفریدی اور کراچی کنگز کی راہیں بھی جدا ہوگئیں۔

پاکستان سپر لیگ کیلئے ٹیموں میں برقرار رکھنے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان منگل کو کیا گیا۔

پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے فخر زمان کو پلاٹینیم اور یاسر شاہ کو ڈائمنڈ میں برقرار رکھا ہے جب کہ کرس لین، سہیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین، بلاول بھٹی، مستفیض الرحمٰن، مچل میک کلینگھن اور رضا حسن کو ریلیز کردیا گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کو قلندرز کا پلیئر ایمبیسیڈر بنادیا گیا ہے جس کے بعد وہ گولڈ سے سلور کیٹیگری میں آگئے ہیں۔

قلندرز کی ٹیم پلیئرز ڈرافٹ میں پلاٹینیم کے 2، ڈائمنڈ کے 2، گولڈ کا ایک، سلور کا ایک اور ایمرجنگ یا ٹیلنٹ ہنٹ کیٹیگری میں 2 پلیئرز پک کرے گی۔

 کراچی کنگز نے شاہد آفریدی کو ریلیز کرتے ہوئے، پلاٹینیم میں کولن منرو، محمد عامر اور بابر اعظم کو رکھا ہے۔

کولن انگرام کو پلیئر ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں۔

کراچی کنگز کی ٹیم پلاٹینیم اور ڈائمنڈ میں کوئی کھلاڑی پک نہیں کرپائے گی جب کہ گولڈ میں اس کے پاس ایک پک ہے اور سلور میں پانچ، ایمرجنگ یا ٹیلنٹ ہنٹ کی کیٹیگریز میں 2 پک بھی استعمال کرسکے گی۔

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو پلاٹینیم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے جس کے بعد پلیئرز ڈرافٹ میں اس کے پاس مزید پک نہیں ہوگی، ڈائمنڈ میں آصف علی اور محمد سمیع کو برقرار رکھا گیا ہے۔

گولڈ میں رومان ریئس، سلور میں حسین طلعت کو بطور ایمبیسیڈر رکھا ہے جب کہ وقار مقصود، صاحبزادہ فرحان اور ظفر گوہر کو برقرار رکھا ہے۔

اسلام آباد کے پاس پلیئرز ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کی ایک، گولڈ کی 2، سلور کی ایک جب کہ ایمرجنگ کی دو پکس موجود ہیں۔

پشاور زلمی نے وہاب ریاض اور حسن علی کو پلاٹینم برقرار رکھا ہے جب کہ اس کے پاس ایک پلاٹینم پک ہے جس میں غیر ملکی پلیئر کو پک کرنا لازمی ہے۔

کامران اکمل کو پلیئر ایمبیسیڈر بنایا ہے جس کے بعد وہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں، ڈیرن سیمی بھی ڈائمنڈ میں ہیں جب کہ لیام ڈاؤسن کو گولڈ میں برقرار رکھا ہے۔ 

پشاور زلمی کے پاس پلیئرز ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کی ایک، گولڈ کی دو، سلور کی تین جبکہ ایمرجنگ کی ایک پک موجود ہے۔

ملتان سلطانز نے پلاٹینیم میں صرف شعیب ملک کو برقرار رکھا ہے، عمران طاہر اور کیرون پولارڈ کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ 

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو پلاٹینیم میں برقرار رکھا ہے، سنیل نارائن ٹریڈ کے بعد پلاٹینیم میں اس کے پاس آئے ہیں جس کے بعد اس کے پاس پلاٹینم کی ایک پک بچی ہے۔

جب کہ ڈائمنڈ میں ایمبیسیڈر شین واٹسن، سہیل تنویر اور محمد نواز کی برقراری کے بعد اس کیٹیگری میں کوئٹہ کے پاس کوئی پک نہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔

مزید خبریں :