16 نومبر ، 2018
بالی وڈ کی سب سے کامیاب اور سب سے مہنگی فلم کا ہیرو کون؟ جی ہاں عامر خان۔ یہ عامر خان ہی ہیں جنھوں نے بالی وڈ میں فلم 'گجنی' سے سو کروڑ کلب، 'تھری ایڈیٹس' سے 200کروڑ کلب اور فلم 'پی کے' سے 300 کروڑ کلب کی بنیاد رکھی۔ عامر خان کی فلم 'دنگل' دنیا بھر میں 2 ہزار کروڑ سے بھی زیادہ کا بزنس کرکے اب تک کی سب سے کامیاب بھارتی فلم ہے۔
عامر خان بالی وڈ کی سب سے مہنگی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' کے بھی ہیرو ہیں جس کی لاگت 300 کروڑ کے قریب ہے۔ عامر کے مداحوں اور فلمسازوں کو امید تھی کہ اس فلم سے 400 کروڑ کا چھکا تو صرف بھارت میں ہی لگنا طے ہے، لیکن باکس آفس پر کب کیا ہو یہ تو عامر خان بھی نہیں جانتے۔ اسی لیے یہ فلم اب تک بھارتی سینما کی تاریخ کی ناکام ترین فلموں میں بلند ترین پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔
روزانہ ہی اس فلم سے متعلق کوئی بری خبر سامنے آتی ہے لیکن ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ عامر خان کی اس فلم نے وہ کام کردیا جو آج تک بالی وڈ کی تاریخ کی کوئی فلم نہیں کر پائی اور تو اور یہ فلم کروڑوں کی دوڑ میں 'باہو بلی ٹو' سے بھی آگے نکل گئی۔ 'ٹھگز آف ہندوستان' بالی وڈ کی تاریخ کی پہلی فلم ہے جس کے ٹریلر نے یوٹیوب پر 10کروڑ 'ویوز' یا 'ہٹس' حاصل کرلیے ہیں۔
'ٹھگز آف ہندوستان' کا فلمی ٹریلر تقریباً تین مہینے پہلے ریلیز ہوا، جس کے بعد اب تک اسے 10 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے، اس ٹریلر کو 14 لاکھ لوگوں نے پسند بھی کیا لیکن ڈیڑھ لاکھ کے قریب لوگوں نے 'ٹھینگا' دکھا کر ناپسند بھی کیا۔
'ٹھگز آف ہندوستان' سے پہلے سب سے مقبول بالی وڈ فلم کا ٹریلر 'باہو بلی ٹو' کا تھا۔ اس ٹریلر کو 18ماہ سے زائد عرصے کے دوران 9 کروڑ 70 لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔
تیسرے نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم 'زیرو' ہے جس کے بعد شاہ رخ خان اس سال عامر اور سلمان سے آگے نکل سکتے ہیں۔ اس فلم کے ٹریلر کو صرف 15 دن میں تقریباً 9 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے، یعنی یہ ٹریلر ٹھگز کے ٹریلر کا ریکارڈ آسانی سے توڑ دے گا۔اس وقت بھی 'لائکس' کے میدان میں یہ ٹریلر 'ٹھگز آف ہندوستان' سے کافی آگے ہے۔ اس ٹریلر کو اب تک 19 لاکھ لائکس مل چکے ہیں۔
ٹریلرز کی گنتی میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں سلمان خان، جن کی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کا ٹریلر یوٹیوب پر 8 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ یہ فلم پچھلے سال کی کامیاب ترین فلم ہے جس نے 300 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔
بالی وڈ کے ٹاپ فائیو ٹریلر میں آخری نمبر ہے فلم 'باغی 2' کے ٹریلر کا، جسے اب تک 8 کروڑ 30 لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔ ٹائیگر شیروف کی یہ فلم اسی سال مارچ میں ریلیز ہوئی تھی۔