پاکستان
Time 15 نومبر ، 2018

اندازہ نہیں تھا طاہر داوڑ کا اغواء اتنا اندوہناک واقعہ ہوجائے گا، ترجمان وزیراعظم

مجھے پولیس سے جو معلومات ملیں میں نے غیرملکی میڈیا سے انٹرویو میں بتائیں،کیس کی انکوائری میں حقائق سامنے آجائیں گے، افتخار درانی— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کے ترجمان افتخار درانی کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ طاہر داوڑ کا اغواء اتنا اندوہناک واقعہ ہوجائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے افتخار درانی نے کہا کہ اغواء کے بعد افغانستان میں قتل ہونے والے ایس پی خیبرپخونخوا پولیس طاہر داوڑ کیس کی انکوائری میں حقائق سامنے آجائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کو طاہر داوڑ کے اغواء کے حوالے سے دیے گئے انٹرویو سے متلعق افتخار درانی نے کہا کہ 'مجھے پولیس سے جو معلومات ملیں میں نے غیرملکی میڈیا سے انٹرویو میں بتائیں'۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال نہیں تھا کہ طاہر داوڑ کا اغواء اتنا اندوہناک واقعہ ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ ایس پی طاہر داوڑ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین سے 26 اکتوبر کو لاپتہ ہوئے تھے اور دو روز قبل افغان صوبے ننگرہارسے ان کی لاش ملی۔

طاہر داوڑ کی میت پاکستان لانے کے بعد پشاور میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور حیات آباد کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

مزید خبریں :