کھیل
Time 17 نومبر ، 2018

'اوئے ہوئے ٹرافی': منفرد کرکٹ ٹرافیوں کی قطار میں ایک اور اضافہ!

اس ٹرافی کی تقریب رونمائی ابوظہی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئی—۔فوٹو/ بشکریہ پی سی بی آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

حال ہی میں پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کی 'بسکٹ ٹرافی' پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مذاق کا نشانہ بنایا گیا تھا، جن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی شامل تھی اور اب پی سی بی نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے 'اوئے ہوئے ٹرافی' متعارف کروا دی۔

ابوظہی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں اس ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی، اس موقع پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن بھی موجود تھے۔









پی سی بی کی جانب سے اس ایونٹ کی تصاویر پوسٹ کرنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصروں اور میمز کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، 'کیا یہ لوگ واقعی اس ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گے؟ اوئے ہوئے کیا بات ہے!'


ایک اور صارف نے پیشگوئی کی کہ 'اگلی ٹرافی کا نام ہوگا، بلے بلے!'


ایک صارف نے ٹرافی دیکھنے کے بعد کپتان سرفراز احمد کے ردعمل کی منظرکشی کی۔


کسی نے ٹرافی کی رونمائی کے وقت نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کے ردعمل کی جانب توجہ دلائی۔









لیکن انوکھی ٹرافیوں کا یہ سلسلہ ابھی کا نہیں!

یہاں بتاتے چلیں کہ ٹرافی کے یہ انوکھے ڈیزائن صرف آج نہیں، ماضی میں بھی دیکھنے والوں کو 'حیران پریشان' کرتے رہے ہیں۔

1996 کے بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے بارے میں دیکھنے والے یہی سوچتے رہے کہ سفید رنگ کا گلوب دنیا کا نقشہ ہے یا گیند۔

1998 میں شارجہ کے کوکاکولا کپ میں ڈھکن نما ٹرافی اٹھانے کے بعد کرکٹ فینز بوتل کہاں ہے؟ کے سوال کرتے رہے۔

2006 میں ہونے والے ڈی ایل ایف کپ کی ٹرافی نے بھی خوب شہرت حاصل کی تھی، جب ٹرافی ڈیزائن کرنے والے نے اپنی پسند کے تمام آئٹمز ٹرافی پر سجادیے تھے۔

2004 میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں دی جانے والی ٹرافی کو 'زومبیز کی ٹرافی' کہا گیا۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ کی ٹرافی میں بہت سارے ہاتھ ایک گیند کی طرف لپکتے دکھائی دیئے تو کومپیک کپ 2004 میں انعامی ٹرافی کو سب سے پہلی ڈیجیٹل ٹرافی کا اعزاز حاصل ہوا۔

2004 کی جاناشکتی ٹرافی کی اونچائی بھی کرکٹ مداحوں کی تنقیدی نظروں سے بچ نہ سکی۔

اور جہاں اونچی ٹرافی کی بات آئی تو ایشز سیریز کے منتظمین نے سب سے چھوٹی ٹرافی بنا کر بھی دنیا کو حیران کردیا۔

مزید خبریں :