پاکستان
Time 17 نومبر ، 2018

اعظم سواتی تنازع: جے آئی ٹی نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی


اسلام آباد: اعظم سواتی کے معاملے پر قائم جے آئی ٹی نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے تمام پہلوؤں پر تفتیش مکمل کرکے رپورٹ تیار کی اور سربمہر رپورٹ پر جے آئی ٹی کے تمام ممبران کے دستخط موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کو تفتیش کے لیے مزید وقت درکار نہیں۔

اعظم سواتی تنازع کا پس منظر

یاد رہے کہ اعظم سواتی کے صاحبزادے کی جانب سے ان کے فارم ہاؤس کے قریب رہائش پذیر غریب پرور خاندان کے خلاف اندراج مقدمہ کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔

وفاقی وزیر نے اس معاملے پر آئی جی اسلام آباد کو کئی مرتبہ فون کرنے کا اعتراف کیا ، یہ جھگڑا ابھی درمیان میں ہی تھا کہ آئی جی اسلام آباد جان محمد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جس پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیا تھا۔

اعظم سواتی کے مس کنڈکٹ کے معاملے پر سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس نے وفاقی وزیر کے پڑوسیوں ساتھ تنازع میں بطور وزیر ان کے مس کنڈکٹ کا تعین کرنا تھا، عدالت نے جے آئی ٹی کو 14 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ اعظم سواتی اور ان کے بچوں کے اثاثے اور ٹیکس معاملات دیکھنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔

جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کے علاوہ وزیر مملکت داخلہ کو بھی شامل تفتیش کیا تھا۔


مزید خبریں :