Time 18 نومبر ، 2018
کھیل

شارجہ ٹی 10 لیگ میں ٹیم کراچیئنز کا نام تبدیل کرکے سندھیز رکھ دیا گیا

— فوٹو:فائل 

کراچی: شارجہ ٹی ٹین لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے سند ھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچیئنز کا نام تبدیل کرکے سندھیز رکھ دیا ہے۔

کراچی میں ٹی ٹین کے ایم ڈی نواب سعد اللہ خان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ  پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی فہرست ایک دو دن میں جاری کردے گا جن کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی جانب سے منتخب کیا گیا ہے ان کے علاوہ تمام بڑے پاکستانی کھلاڑی شریک ہوں گےجس میں شاہد آفریدی نمایاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ایک سو صف اول کے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں ہوں گے جس کیلئے تیاریاں مکمل ہیں اور سندھیز کی ٹیم کے نئے مالکان سے بات چیت جاری ہے۔

ایم ڈی نے اعتراف کیا کہ ٹورنامنٹ سے قبل عدالتی جنگ سے ہمیں دھچکہ ضرور لگا ہے لیکن مالی نقصان کی اہمیت نہیں ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لیگ میں شامل ٹیم کراچیئنز کا نام تبدیل کرکے سندھیز اور اس کے ساتھ ساتھ کیرالہ کنگز کا نام تبدیل کرکے کیرالہ نائٹس کردیا گیا ہے، عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، اس کیلئے اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے عدالت کی جانب ٹی 10 لیگ کو کلیئر قرار دینے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت فیصلہ قرار دیا جس سے پاکستان میں لیگ کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔

ایم ڈی ٹی 10 لیگ نے کہا کہ محمد حفیظ اس وقت پاکستان ٹیم کے ساتھ مصروف ہیں جب کہ محمد عامر کے بارے میں بورڈ کے جواب کا انتظار ہے، شعیب ملک نے نجی مصروفیت کی وجہ سےٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔

 سعد اللہ خان نے کہا کہ اگلے سال ٹورنامنٹ کے میچ پاکستان میں کرانے کا پروگرام ہے، اس سال سیمی فائنل اور فائنل پاکستان میں کرانا چاہتے تھے لیکن لاجسٹکس کی وجہ سے پی سی بی نے ایک سال بعد ٹورنامنٹ کے میچ پاکستان کرانے کے لئے کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹین کے ذریعے بھی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد دینا چاہتے ہیں، لیگ کی تشہیری مہم تیز کردی گئی ہے اور اب پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 یاد رہے کہ ٹی 10لیگ کے دوسرے سیزن میں 29 میچز کھیلے جائیں گے اور تمام مقابلے 21 نومبر سے 2 دسمبر کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

مزید خبریں :