رجنی کانت، سلمان، عامر اور باہو بلی سے آگے کون؟

— فوٹو: فائل 

کیا آپ جانتے ہیں کہ ہالی وڈ اور بالی وڈ کی مہنگی ترین فلموں کے بجٹ میں کتنے کروڑ روپوں کا فرق ہے؟ اور کیا آپ کو یہ بھی جاننا ہے کہ مہنگی ترین پاکستانی فلم کا بجٹ کتنا رہا ہوگا؟

ان سوالات کا جواب جاننے کے لیے ہمیں بالی وڈ کے دیس میں بننے والی مہنگی ترین فلموں کا جائزہ لینا پڑے گا، جہاں اگرچہ بہت ساری زبانوں میں فلمیں بنتی ہیں لیکن اِن زبانوں میں سب سے اہم ہندی، اس کے بعد تیلگو، پھر تامل اور پھر ملیالم زبان میں بننے والی فلمیں ہیں۔

مراٹھی، پنجابی، بنگالی اور بھوج پوری سینما بھی پاپولر ہیں لیکن ان فلموں کی مارکیٹ اتنی بڑی نہیں۔ بالی وڈ ویسے تو بمبئی یعنی موجودہ ممبئی میں بننے والی فلموں کی انڈسٹری کو کہا جاتا ہے لیکن ابھی ہم اس بحث میں تھوڑی سی آزادی لیتے ہوئے اپنے پڑوسی دیس میں بننے والی مہنگی ترین فلموں کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں۔

روبوٹ 2.0

فلم تشہیری پوسٹر —۔

بھارتی فلموں کی تاریخ کی مہنگی ترین فلم ’روبوٹ ٹو‘ ہے، جو 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم روبوٹ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم کا بجٹ 500 کروڑ بھارتی روپوں سے بھی زیادہ ہے۔

اس فلم میں میگااسٹار رجنی کانت کا ڈبل رول ہے اور ولن اکشے کمار ہیں۔ اس تامل فلم کو 14 زبانوں میں ڈب کرکے دنیا بھر میں پیش کیا جائے گا۔

ٹھگز آف ہندوستان

فلم تشہیری پوسٹر—۔

300 کروڑ کی لاگت سے بنائی جانی والی یہ فلم اب تک ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی سب سے مہنگی ترین فلم ہے اور امید ہے کہ یہ ریکارڈ کچھ دنوں بعد ’روبوٹ ٹو‘ کے قبضے میں ہوگا۔عامر خان اور امیتابھ بچن کی یہ میگا فلم بری طرح فلاپ ہونی کی وجہ سے یاد رکھی جائے گی۔

ساہو 

فلم تشہیری پوسٹر —۔

فلم ’باہو بلی‘ کے ہیرو پربھاس کی یہ فلم بھی 300 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی جارہی ہے، جس میں شردھا کپور بھی مرکزی کردار میں ہیں۔ یہ فلم ابھی انڈر پروڈکشن ہے، اس لیے اس کی لاگت میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ یہ فلم تیلگو، تامل اور ہندی میں اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔

پدماوت

فلم تشہیری پوسٹر —۔

رنویر اور دپیکا فلموں میں تو ایک نہیں ہوسکے لیکن حقیقی زندگی میں دونوں کی شادی بالی وڈ کی بڑی شادیوں میں سے ایک رہی ہے۔

دونوں کی ریلیز ہونے والی آخری فلم 'پدماوت' کا بجٹ 215 کروڑ روپے تھا۔ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم میں دپیکا کی جوڑی شاہد کپور کے ساتھ بنی تھی۔

سنجے نے 2002 میں اُس وقت تک کی مہنگی ترین فلم 'دیوداس' بنائی تھی جس کا بجٹ 50 کروڑ روپے تھا اور اس میں کنگ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ٹائیگر زندہ ہے

فلم تشہیری پوسٹر —۔

سلمان خان کی اس ایکشن پیک تھرلر فلم کا بجٹ 210 کروڑ روپے تھا۔ ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا یہ سیکوئل 2017 میں ریلیز ہوا تھا اور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف کی جوڑی تھی۔

بالی وڈ فلموں کا بجٹ لاکھوں سے کروڑوں اور اب اربوں تک پہنچ گیا اور پاکستانی روپوں میں فلم ’روبوٹ ٹو‘ کا بجٹ 10 ارب روپے سے بھی زیادہ ہے لیکن ابھی بھی یہ بجٹ ہالی وڈ کی بڑی فلموں سے بہت کم ہے۔

اس وقت تک کی سب سے مہنگی ترین ہالی وڈ فلم ’پائرٹس آف دی کریبین‘، ’آن اسٹرینجرز سائیڈ‘ کا بجٹ پاکستانی روپوں میں 50 ارب بنتا ہے یعنی پائرٹس کے بجٹ میں روبوٹ ٹو جیسی 5 فلمیں بن جائیں گی۔

دوسری طرف پاکستانی سنیما گھروں میں بڑی بڑی بالی وڈ اور ہالی وڈ فلموں کو دھول چٹانے والی کسی بھی پاکستانی فلم کا بجٹ ابھی تک 25کروڑ روپوں کو بھی 'ٹچ' نہیں کیا ہے۔

اگر کسی بھی مہنگی ترین پاکستانی فلم کا بجٹ 25کروڑ روپے بھی لگایا جائے تو ’روبوٹ ٹو‘کے بجٹ میں اس فلم جیسی 40 فلمیں آسانی سے بنائی جاسکتی ہیں۔

مزید خبریں :