28 نومبر ، 2018
بھارت کے شہر بھونیشور میں 16 ٹیموں کے ہاکی ورلڈ کپ کا 14ویں ایڈیشن شروع ہوگیا۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز یعنی 28 نومبر کو دو میچز کھیلے گئے،گروپ 'سی' میں میزبان بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقا جبکہ بیلجیئم کا مقابلہ کینیڈا کی ٹیم سے ہوا۔
افتتاحی روز بیلجیئم نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا جبکہ بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔
ورلڈ کپ ہاکی کے پہلے میچ میں بیجلیئم نے کینیڈا کے خلاف تیسرے ہی منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ دوسرے کوارٹر میں کپتان BRIELS Thomas نے دوسرا گول داغ دیا۔ تین کوارٹر تک بیلجیئم کو دو گول کی برتری حاصل رہی البتہ آخری کوارٹر میں PEARSON Mark نے کینیڈا کا واحد گول اسکور کیا۔
دوسرے میچ میں میزبان بھارت نے جنوبی افریقا کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ بھارت نے میچ میں پانچ گول اسکور کیے ، جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم کوئی گول نہ بنا سکی۔
ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا فائنل 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
ہاکی ورلڈ کپ 2018 اور ٹیمیں
بھونیشور کے کالینگا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 14ویں ہاکی ورلڈ کپ میں شریک 16 ٹیموں کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ہر گروپ کی سر فہرست ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل کھیلنے کی اہل ہوگی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں دوسرے راؤنڈ میں مد مقابل ہوں گی۔
ہاکی ورلڈ کپ گروپ 'اے' ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، اسپین اور فرانس کی ٹیموں پر مشتمل ہے.
گروپ 'بی' میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، آئر لینڈ اور چین کی ٹیمیں ہیں۔
گروپ 'سی' میں میزبان بھارت، بیلجیئم، جنوبی افریقا اور کینیڈا شامل ہیں۔
جبکہ گروپ 'ڈی' میں پاکستان، جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔
ہاکی ورلڈ کپ اور پاکستان ہاکی ٹیم
پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے گروپ 'ڈی' میں جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی،5 دسمبر کو گرین شرٹس ملائیشیا کے مد مقابل ہوگی، جبکہ 9 دسمبر کو پاکستان اپنا آخری گروپ میچ ہالینڈ سے کھیلے گا۔
رضوان سینئیر کی قیادت میں کھیلنے والے 18 رکنی اسکواڈ میں عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، عمران بٹ، مظہر عباس (گول کیپر)، محمد عرفان سینئر، علیم بلال، مدثر علی، توثیق ارشد، تصور عباس، راشد محمود، ایاز احمد، محمد عرفان جونئیر، علی شاہ، فیصل قادر، ابو بکر محمود، عمر بھٹہ، محمد عتیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔
ہاکی ورلڈ کپ کی تاریخ
ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کی تجویز پاکستان کے ایئر مارشل نور خان مرحوم نے دی تھی۔
ہاکی کی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ 1971ء میں اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہوا، جس کے فائنل میں پاکستان نے اسپین کو 0-1 سے شکست دی۔
پاکستان نے 1978ء میں بیونس آئرس (ارجنٹائن)، 1982ء میں ممبئی (بھارت) اور 1994ء میں سڈنی(آسٹریلیا) میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں ورلڈ چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان کے چار بار عالمی اعزاز حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا 3 بار ورلڈ چیمپیئن بن کر دوسرے نمبر پر ہے۔
2014ء میں کھیلے گئے گزشتہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے میزبان ہالینڈ کو فائنل میں ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی تھی۔