29 نومبر ، 2018
کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن سے متاثر افراد کو متبادل دینے کے لیے حتمی کارروائی مکمل کرلی ہے۔
کے ایم سی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پارکس، برساتی نالوں اور سرکاری اراضی سے تجاوزات ہٹانےکا حکم ہے، محکمہ انسداد تجاوزات سپریم کورٹ کی ہدایت پر کارروائی کررہا ہے، تمام بلدیاتی ادارے اور اسٹیک ہولڈرز کارروائی میں شریک ہیں۔
وسیم اختر نے بتایا کہ آپریشن سے متاثر افراد کو متبادل دینے کے لیے حتمی کارروائی مکمل کرلی ہے، بلدیہ عظمیٰ نے 3575 دکانداروں کی فہرست تیار کرلی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو سمری بھیج رہے ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھاکہ پارکنگ پلازہ، لائنز ایریا اور کے ایم سی مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں متبادل دکانیں موجود ہیں، 1470 متبادل دکانیں موجود ہیں،2105 مزید دکانداروں کے لیے جگہ حاصل کرنے کے لیے وزیراعلیٰ کوسمری بھیجیں گے۔