03 دسمبر ، 2018
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقا سے پہلے اوپنر فخر زمان کی فٹنس معمہ بن گئی۔
وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو 13 دسمبر 2018ء سے 7 فروری2019ء تک جنوبی کا دورہ کرنا ہے۔
دورے کے پہلے مرحلے میں قومی ٹیم کو 3 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز میں شرکت کرنا ہے جس کیلئے ٹیم کے اعلان سے قبل فخر زمان کی فٹنس اس وقت شہ سرخیوں میں ہے۔
بائیں ہاتھ سے اننگز کا آغاز کرنے والے 28 سالہ فخر زمان جو اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہیں اور فٹنس کی بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں، ان کے بارے میں متضاد خبریں گردش کر رہی ہیں۔
گزشتہ ماہ گیارہ نومبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف آخری ون ڈے کھیلنے والے فخر زمان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں۔
یاد رہے آسڑیلیا کیخلاف اس سال اکتوبر میں ابوظہبی میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے فخر زمان کو نیوزی لینڈ کیخلاف تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز میں آرام دینے کی غرض سے شامل نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب یہ خبریں میڈیا میں گردش کر رہی ہیں کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں بھی اوپنر تکلیف کے ساتھ مینجمنٹ کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے کھیلتے رہے لیکن ٹیم مینجمنٹ نے ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
جب کہ ابوظہبی میں فخر زمان کی دورہ جنوبی افریقا میں شمولیت کے سوال پر کپتان سرفراز احمد نے جواب دیا کہ سینچورین میں پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شروع ہونا ہے اور اس اعتبار سے ابھی 3 ہفتے سے بھی زیادہ وقت باقی ہے اور ہمیں فخر کی جو لاہور سے رپورٹ موصول ہوئی اسے دیکھتے ہوئے،ہم سمجھتے ہیں کہ اوپنر دورہ جنوبی افریقا کے دورے میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔
فخر زمان کی فٹنس پر سامنے آنے والی متضاد اطلاعات کے باوجود پی سی بی کی جانب سے خاموشی ہے اور ماضی کے بہت سے معاملات کی طرح اس بارے میں کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی ہے۔
دوسری طرف گروئن انجری کا شکار شاداب خان دورہ جنوبی افریقا کی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے البتہ محمد عباس جو کندھے کی تکلیف کے سبب ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیلے، وہ دورہ جنوبی افریقا کے لئے دستیاب ہوں گے۔