Time 04 دسمبر ، 2018
کھیل

پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس 18 دسمبر کو لاہور میں ہوگا

گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران پی سی بی چیئرمین احسان مانی اہم فیصلوں کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیں گے—۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اس ماہ کی 18 تاریخ کو گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جہاں چیئرمین احسان مانی اہم فیصلوں کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر میڈیا کے لیے ماضی میں پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سمیع الحسن برنی کو ایک بار پھر پی سی بی کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سمیع الحسن اس وقت انٹڑنیشنل کرکٹ کونسل میں میڈیا اور کمیونیکشن کے سربراہ ہیں۔

اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی نئے ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ اور مراعات کے حوالے سے بورڈ اراکین کو آگاہ کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق نئے ڈائریکٹر میڈیا کو 10 لاکھ روپے کا خصوصی پیکج دیا جا رہا ہے جبکہ اتنی تنخواہ پی سی بی کے کسی ڈائریکٹر کی نہیں ہے۔

دوسری جانب پی سی بی آئین میں بنا ترمیم کیے چیئرمین احسان مانی 47 سالہ وسیم گلریز خان کو بطور 'ایم ڈی' لا رہے ہیں۔

وسیم خان اس وقت انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹو ہیں، انہیں 20 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر لایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی بننے کے بعد احسان مانی کا یہ گورننگ بورڈ کا دوسرا اجلاس ہوگا۔

اس سے قبل پہلا اجلاس 4 ستمبر کو منعقد ہوا تھا، جہاں احسان مانی نے چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ 

پی سی بی کے آئین میں مینیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ موجود نہیں ہے، تاہم آئین میں ترمیم کے ساتھ اسے قابل قبول بنایا جاسکتا ہے۔

2008ء میں چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر اعجاز بٹ، سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد کو بطور ڈائریکٹر جنرل لائے تھے، تاہم 2014ء میں جب عدالتی حکم کے سبب نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی بننے کے اہل نہ رہے تو وہ آئین میں ترمیم کر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بن گئے تھے۔

مزید خبریں :