Time 06 دسمبر ، 2018
کھیل

آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر پہلا ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

آسٹریلیا کے 165 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 162 رنز بناسکی۔ فوٹو: جیو نیوز

سڈنی: آسڑیلیا میں کھیلے جانے والے پہلے ویٹرنز ورلڈ کپ کے فائنل میں میزبان آسڑیلیا نے پاکستان کو 3 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں آسٹریلوی پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 اوورز میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، کینگروز کی جانب سے ٹونی کلارک 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے جعفر قریشی سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ دستگیر بٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، اوپنرز ساجد علی، شاھد انور اور کپتان غلام علی جلد آؤٹ ہوئے، اس مرحلے پر بابر الطاف بٹ نے 59 گیندوں پر 46 رنز کی ایک عمدہ اننگز کھیلی۔

فوٹو: جیو نیوز

امتیاز تارڑ 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے پاکستان کی ٹیم 8 وکٹ پر 162 رنز بنا سکی، اور ڈرامائی انداز میں آسڑیلیا نے فائنل تین رنز سے جیت لیا، جان شارٹ نے 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ 21 نومبر سے 5 دسمبر تک کھیلے جانے والے 50 سال سے زائد العمر کرکٹرز کے اس پہلے ویٹرنز ورلڈ کپ میں آٹھ ٹیموں نے شرکت کی، میزبان آسڑیلیا اور پاکستان کے علاوہ سری لنکا، جنوبی افریقا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویلز کی ٹیموں نے ایونٹ میں شرکت کی۔

مزید خبریں :