10 دسمبر ، 2018
چین دنیا کی سب سے طاقتور ایم آر آئی مشین تیار کرے گا، جس سے پہلی بار روح کا وجود سامنے آسکے گا اور انسانی شعور کی مکمل تصویر دنیا دیکھ پائے گی۔ اس ایجاد سے سائنسدان پہلی بار روح کا مادی وجود حاصل کر پائیں گے۔
چین نے دنیا میں دماغ کے سب سے طاقتو اسکینر تیار کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے، اس اسکینر میں انتہائی مضبوط مقناطیسی فیلڈ پیدا کرنے کی صلاحیت ہو گی جس سے پہلی بار زندہ انسانی دماغ میں ہر نیوران کی ساخت اور سرگرمیوں کا مشاہدہ ہو سکے گا۔
اس منصوبے کا مقصد دنیا کی سے طاقتور ایم آر آئی Magnetic Resonance Imaging ڈیوائس تیار کرنا ہے۔
متوقع اسکینر نہ صرف تصویر(اسنیپ شاٹ) فراہم کرے گا بلکہ اعصابی نظام میں اہم سگنلز دینے والے سوڈیم، فاسفورس اور پوٹاشیم جیسے مختلف قسم کے کیمیائی ایجنٹس کی بھی نشاندہی بھی کرے گا۔ جس سے پارکنسن اور الزائمر جیسی شعور اور دماغ سے متعلقہ بیماریوں کے مطالعہ میں مدد ملے گی۔
منصوبے پر کام کرنے والے سینئر سائنسدان کا کہنا ہے کہ اربوں یوآن مالیت کی اس ڈیوائس سے دماغی مطالعے میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ آلہ ایک ایسی مختلف تصویر پیش کرے گا جو اس پہلے دنیا کے سامنے نہیں آسکی، یہاں تک کہ اس مشین سے روح کو دیکھنا بھی ممکنات میں شامل ہو سکتا ہے۔
روح یا انسانی شعور ہمیشہ موضوعِ بحث رہا ہے۔ مذہبی رہنماوں سے فلسفیوں تک سب اس کے وجود پر یقین رکھتے ہیں اور اسے بیان کرنے کے کئی نظریے پیش کیے گئے ہیں، تاہم اس دعویٰ کے مادی وجود کی حمایت میں سائنسی برادری بے بس ہے اور اس کا کوئی ثبوت حاصل نہیں کر پائی۔
چین کی اکیڈمی آف سائنس کے ایک بیان کے مطابق مرکزی حکومت نے اس منصوبے کے پہلے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے سائنسی مشیر نامور طبیعات دان ژاو ژونگژیان ہیں۔
منصوبے کا بجٹ خفیہ رکھا گیا ہے تاہم اندازہ لگایا جا رہا کہ اس کا بجٹ دنیا کی سب سے بڑی دوربین جو چینی صوبے گوئیژو میں ہے، اس کے بجٹ سے تجازو کر جائے گا۔
عام طور پر اسپتالوں میں استعمال ہونے والے ایم آر ائی اسکینرز کی صلاحیت ڈیڑھ سے تین ٹیسلہ ہے۔
ٹیسلہ مقناطیسی فیلڈکی اکائی ہے، جسے سربین نژاد امریکی فزکس دان نکولہ ٹیسلہ کے نام پر رکھا گیا۔
امریکا اور یورپ میں طاقتور ایم آر آئی مشین تیار کی گئی جو 11 ٹیسلہ صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم چین جو میشن تیار کرے گا اس کی طاقت 14 ٹیسلہ تک ہو گی اور پہلی بار اس انسانی شعور کی مکمل تصویر سامنے آسکے گی۔
نیوران کے خلیوں کا قطر چار سے 100 مائیکرو میٹر ہے، دنیا میں موجود طاقتور ایم آر آئی مشین ہزار مائیکرو میٹرز قطر سے چھوٹے خلیے نہیں دیکھ سکتی، تاہم نئی ڈیوائس ایک مائیکرو میٹر قطر کی اشیا دیکھنے کی صلاحیت رکھے گی۔
رواں برس کے آغاز میں امریکی یونیورسٹی نے 10 ٹیسلہ مشین سے انسانی جسم کی پہلی بار تصویر لی تھی تاہم اس تصویر کو منظر عام پر نہیں لایا گیا۔
گیارہ ٹیسلہ کی مشین حال ہی فرانس میں مکمل کی گئی، اس منصوبے پر 228 ملین ڈالر لاگت آئی اور دس سال کا عرصہ تیار کرنے میں لگا، تاہم اس سے لیا گیا کوئی عکس بھی ابھی تک سامنے نہیں آ سکا۔