11 دسمبر ، 2018
بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور معروف کرکٹر ویرات کوہلی آج اپنی شادی کی پہلی سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں۔
دونوں کی شادی گزشتہ برس اٹلی کے شہر میلان میں ہندو اور پنجابی رسم و رواج کے مطابق ہوئی تھی۔
شادی میں صرف قریبی رشتے دار شریک ہوئے تھے اور بعد ازاں بھارت آکر شادی کی دو استقبالیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
انوشکا اور ویرات نے اپنی شادی کی نوید سوشل میڈیا پر مداحوں سے ایک ہی جیسی پوسٹ شیئر کرکے دی تھی۔
آج اس شادی کو ایک برس مکمل ہوگیا ہے، ایسے میں انوشکا اور ویرات دونوں نے ہی خوبصورت انداز سے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو شادی کی پہلی سالگرہ کی مبارک باد دی۔
انوشکا نے ویرات سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک شاندار ویڈیو شیئر کی، جس میں شادی کے یادگار اور اہم لمحات مقید ہیں۔
ویڈیو شیئر ہونے کے چند منٹ بعد ہی وائرل ہوگئی اور مداحوں کی جانب سے ہمیشہ کی طرح پسند کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ویرات کوہلی نے شادی کی چند خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’یقین نہیں آتا کہ ایک برس ہوگیا ہے، ایسا لگتا ہے کل کی بات ہے، وقت تیزی سے گزر گیا ہے‘۔
بعد ازاں انہوں نے محبت بھرا پیغام لکھا، ’میری بہترین دوست اور زندگی کی ساتھی کو شادی کی سالگرہ مبارک ہو، جو ہمیشہ کے لیے میری ہے‘۔