پاکستان
Time 19 دسمبر ، 2018

میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟ نوازشریف کی فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد گفتگو


اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنے خلاف دو نیب ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر میدان میں دنیا ہماری کارکردگی دیکھ چکی ہے اور میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج ارشد ملک نے جب العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے محفوظ کیے تو سابق وزیاعظم روسٹرم پر آگئے۔

نوازشریف نے جج سے پوچھا کہ کیا یہ میری آخری پیشی ہے؟

سابق وزیراعظم نے جج ارشد ملک سے مکالمہ کیا کہ آپ جج ہیں، امید ہے انصاف ملے گا، مجھ پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ میری آج اس کیس میں 78 ویں پیشی تھی، اس سے پہلے کیس میں 87 پیشیاں ہم بھگت چکے تھے،پارٹی قیادت اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کارکنوں نے کیس میں ہر پیشی پر یکجہتی کا اظہار کیا، دعاؤں پر دل کی گہرائی سے قوم کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں، قوم کی دعائیں ہر قدم پر میرے ساتھ رہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب اور 3 بار وزیراعظم رہا، 35 سال عوام کی خدمت کی، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی خدمت کی، اس پر خوشی ہے۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ جب سے سیاست میں قدم رکھا ہے کرپشن کے قریب سے بھی نہیں گزرا، کبھی اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا، ملک کی خدمت اور عوام کی خدمت سچے جذے کے ساتھ کی۔

سابق وزیراعظم نے کمرہ عدالت میں اپنے دورِ اقتدار کے کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کیا، معیشت کا پہیہ دوبارہ چلایا، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی دنیا تعریف کرتی تھی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ، ہر میدان میں دنیا ہماری کارکردگی دیکھ چکی ہے۔

میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر ساری کارروائی ہورہی ہے، اللہ دیکھ رہا ہے، کوئی آج تک کرپشن یا کک بیک کی انگلی نہیں اٹھاسکتا، تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے اس پر دکھ ہے، میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟

آخر میں سابق وزیراعظم نے یہ شعر بھی پڑھا

جو ہم پر گزری سو گزری مگر شب ہجراں

ہمارے اشک تیری عاقبت سنوار چلے

سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف پاناما کیس کے فیصلے میں بننے والے تین میں سے مزید دو نیب ریفرنسز العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کا فیصلہ 24 دسمبر بروز پیر کو سنایا جائے گا جب کہ احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کو سزا سناچکی ہے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کیا ہے۔

مزید خبریں :