Time 19 دسمبر ، 2018
کھیل

پی سی بی کو بھارت کیخلاف آئی سی سی میں کیس مہنگا پڑ گیا


پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کی جانب سے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے کا معاملہ آئی سی سی میں لے جانا مہنگا پڑ گیا۔

کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے، ایسا ہی کچھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہوا ہے، جو بھارتی کرکٹ بورڈ کو باہمی سیریز نہ کھیلنے پر آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن پینل میں تو کھینچ لایا لیکن شاید اپنا کیس مضبوط انداز میں پیش نہ کر سکا۔

بھارت کے سیریز نہ کھیلنے سے 7 کروڑ ڈالرز کا نقصان تو ہوا سو ہوا لیکن ذرائع کے مطابق کیس پر آنے والے اخراجات بھی پی سی بی کو ادا کرنا پڑیں گے۔

مائیکل بیلوف کی سربراہی میں تین رکنی پینل نے پی سی بی کی جانب سے 7 کروڑ ڈالرز ہرجانے کے کیس میں فیصلہ بھارتی بورڈ کے حق میں دے دیا۔

یعنی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہاتھ کچھ نہ آیا، بلکہ بھارت نے کیس پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں 15 کروڑ روپے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

اب آئی سی سی نے اس مقدمے پر اٹھنے والا خرچہ بھی پی سی بی سے ادا کرنے کا کہا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ پی سی بی کو بھارت کے دعوے پر مقدمےکا 60 فیصد خرچہ ادا کرنا ہو گا۔

صرف اتنا ہی نہیں پی سی بی کو آئی سی سی کے پینل کا خرچ بھی ادا کرنا ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو تقریبا 15 کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے کم اخراجات کا اعتراف اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ پی سی بی کا کیس میرٹ پر تھا۔

مزید خبریں :