Time 02 جنوری ، 2019
کھیل

پاکستان ویمن کرکٹ کا سیٹ اپ بہتر کرنے کی ضرورت ہے: ثنا میر


لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ کا سیٹ اپ بہتر کرنے کی ضرورت ہے جس کے مقابلے میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کا کرکٹ اسٹرکچر بہت آگے ہے۔

لاہور میں جیو نیوز کے نمائندہ سہیل عمران سے بات کرتے ہوئے ثنا میر کا کہنا تھا کہ ٹاپ رینکنگ میں آنے کے لیے انہیں طویل انتظار کرنا پڑا، اگر پاکستان کرکٹ کا اسٹرکچر بہتر ہوگا تو ویمن کرکٹرز کو میری طرح 13 برس انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

ثنا میر نے کہا کہ ٹاپ رینکنگ اور سال کی بہترین ٹیموں میں آنا اعزاز ہے، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹاپ رینکنگ میں شامل ہو، ویمن کرکٹرز کے لیے  ٹاپ رینکنگ میں آنا بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

اپنی کارکردگی سے متعلق سابق کپتان ثنا میر کا کہنا تھا کہ ان کی انفرادی پرفارمنس اچھی رہی لیکن ٹیم نے سیریز میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن ٹورنامنٹس میں نہیں۔

کرکٹ کو خیرباد کہنے سے متعلق سوال پر ثنا میر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا سوال بہت مشکل ہے اس بارےمیں اکثر سوچتی بھی ہوں لیکن پاکستان کے لئے کھیلنا اچھا لگتا ہے جب تک ٹیم کو ضرورت ہوئی کھیلوں گی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بولنگ کے شعبے میں ثنا میر 663 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں اور وہ 5 بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ 

مزید خبریں :