قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز کپتان سرفراز احمد کی تنقید سے ناخوش


کیپ ٹاؤن: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز جنوبی افریقا سے شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کی تنقید پر ناخوش ہیں۔

 ٹیم ذرائع کے مطابق فاسٹ بولرز نے سرفراز احمد کی تنقید پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔

ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ بولرز کا مؤقف ہے کہ جیت ان ہی کی کارکردگی سے مل رہی ہے لیکن کپتان کے تبصرے سے حوصلہ شکنی ہوئی، سرفراز احمد کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کپتان سرفراز احمد کے بیان کے بعد ٹیم کا ماحول بھی ناخوشگوار ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں بولرز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں میں اصل فرق جنوبی افریقا کی فاسٹ بولنگ نے ڈالا ہے اور جنوبی افریقا کی جیت کا کریڈٹ اُن کے بولروں کو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ہمارے بولر توقعات پوری نہیں کر سکے کیوں کہ ہمارے بولر 120کلومیٹر اور میزبان ٹیم کے بولر 140 سے 145کلو میٹر کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

مزید خبریں :