Time 24 جنوری ، 2019
کھیل

امام الحق کو جنوبی افریقا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز نہ کھلانے کا فیصلہ

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے امام کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے: ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اوپنر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امام الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 86 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن سلیکٹرز امام الحق کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آرام دے کر نوجوان صاحبزادہ فرحان کو کھلانا چاہتے ہیں۔ 

صاحبزادہ فرحان کے ساتھ ساتھ جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جوہانسبرگ میں انضمام الحق کی سرفراز احمد اور مکی آرتھر سے میٹنگ میں امام الحق کو ون ڈے سیریز کے بعد وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

امام الحق نے پاکستان کی جانب سے دس ٹیسٹ اور 18 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں لیکن انہیں اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کا انتظار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کی بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہو گی، عامر کو نوجوان بولر وقاص مقصود پر ترجیح دی جائے گی۔

ون ڈے سیریز کے بعد امام الحق، محمد رضوان، شان مسعود وطن واپس آ جائیں گے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کریں گے جب کہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، آصف علی اور سرفراز احمد ہوں گے۔

شاداب خان اور عماد وسیم آل راونڈرز ہوں گے جب کہ فاسٹ بولنگ کا شعبہ محمد عامر، حسن علی، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہو گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے میچ یکم، 3 اور 6 فروری کو کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :