Time 29 جنوری ، 2019
پاکستان

لورالائی: ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر حملہ، 3 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید


کوئٹہ: لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشتگردوں حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک اور 21 افراد زخمی ہوگئے،ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو فورسز کی فائرنگ سے مارے گئے۔

حملہ اس وقت کیا گیا جب ڈی آئی جی کے دفتر میں پولیس میں بھرتیوں کے لیے انٹرویو جاری تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈی آئی جی کمپلیکس لورالائی کو کلیئر کرالیا اور آپریشن کے دوران تمام دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پولیس میں بھرتی کیلئے 800 کے قریب امیدوار کمپاؤنڈ میں موجود تھے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 3 خودکش بمباروں نے دوپہر کو ڈی آئی جی آفس کمپاؤنڈ میں داخلے کی کوشش کی لیکن ڈیوٹی پر موجود پولیس نے ایک خودکش بمبار کو ڈی آئی جی کمپلیکس کے داخلے پر ہی نشانہ بنایا، اس دوران خود کش بمبار نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر2 دہشتگردوں نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوئے جب کہ شہداء میں پولیس کے 5 سول ملازم اور ایک امیدوار بھی شامل ہے۔ 

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ زخمیوں میں 12 پولیس اہلکار اور بھرتی کیلئے آئے 9 امیدوار شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے کلیئرنس آپریشن کے دوران باقی 2 خودکش بمباروں کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لورالائی ڈاکٹر فہیم کاکڑ کے مطابق حملےمیں 21افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے بیشتر کا تعلق محکمہ پولیس سے ہے، تمام زخمیوں کو ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لایا گیا تاہم بعد میں زخمیوں میں سے دو کو سی ایم ایچ لورالائی اور تین کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ ایک زخمی کو ملتان منتقل کردیا گیا۔

بزدلانہ کارروائی شکست خوردہ ذہنیت کی عکاس ہے، وزیراعظم

لورالائی میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی پر وزیر اعظم عمران خان نے شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعظم نےبروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچانے پر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا، شہیدافراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بزدلانہ کارروائی شکست خوردہ ذہنیت کی عکاس ہے،ہماری بہادر افواج ، پولیس اور قوم کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر جہاں بھی سر اٹھانے کی کوشش کریں گے ریاست ذمہ داریاں پوری کرے گی، پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

مزید خبریں :