29 جنوری ، 2019
بالی وڈمیں 2019 کی پہلی 200کروڑ فلم بننے کیلئے ’گلی بوائے‘، ’ٹوٹل دھمال‘ اور ’لُکاچھپی‘ کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔
ویسے یہ تینوں فلمیں سو سو کروڑ کا بزنس کرنے کیلئے فیورٹ ہیں لیکن ان میں سے دو سو کروڑ کمانے کا کمال ’ٹوٹل دھمال‘ میں ہی نظر آرہا ہے۔
ٹوٹل دھمال، دھمال سیریز کا تیسرا حصہ ہے، ’دھمال‘ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی اور سپر ہٹ ہوئی تھی لیکن چار سال بعد ریلیز ہونے والی ”ڈبل دھمال“ کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔
اب ٹوٹل دھمال اس سال فروری میں ریلیز ہوگی اور اس کے ٹریلر نے دھوم مچادی ہے۔ یہ والی دھمال اپنے پہلے حصے سے بہت قریب بلکہ اس کا ریمیک بھی لگ رہی ہے۔
رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی ”گلی بوائے“ کے بھی بڑے چرچے ہیں، یہ فلم ’ٹوٹل دھمال‘ سے پہلے ریلیز ہوگی لیکن اس فلم کا ٹارگٹ آڈینس ”ملٹی پلیکس“ ہے۔
ہوسکتا ہے یہ فلم بھی دو سو کروڑ کمانے میں کامیاب رہے لیکن رفتار میں یہ فلم ’ٹوٹل دھمال‘ سے ہار سکتی ہے جو اِس فلم سے ایک ہفتے بعد ریلیز ہوگی۔
بالی وڈ کے دو ٹیلنٹ پاور ہاؤس عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ پہلی بار کسی فلم میں مدمقابل آرہے ہیں۔ ’سمبا‘ اور ’پدماوت‘ کے بعد رنویر اور راضی کے بعد عالیہ بھٹ کے ستارے اس وقت کامیابی کے ساتھ ایوارڈز کیلئے بھی خوب چمک رہے ہیں۔
پچھلے سال کی بڑی ہٹ فلم ’استری‘ اور ’بدھائی ہو‘ کی طرح کی چھوٹے بجٹ کی بڑی فلم ”لُکا چھپی“ یکم مارچ کو ریلیز ہوگی لیکن یہ فلم ’گلی بوائے‘ اور ’ٹوٹل دھمال‘ سے تھوڑا کم بزنس کرنے کے باوجود اپنے بنانے والوں کو زیادہ فائدہ پہنچائے گی۔
اس فلم میں پیار کے پنچ نامہ سیریز اور ’سونو کی ٹی ٹو کی سوئٹی‘ کے ہیرو کارتک آریان اور بریلی کی برفی اور دل والے کی حسینہ کیرتی سنن ہیروئن ہیں۔
ان تینوں فلموں میں گلی بوائے ”کلاس“ اور نوجوانوں کیلئے ٹوٹل دھمال بچے، بڑوں اور پورے خاندان کیلئے جبکہ ’لکا چھپی‘ سنگل اسکرین اور ملٹی پلیکس دونوں کیلئے بہتر لگ رہی ہے۔
’ٹوٹل دھمال‘ میں انیل کپور اپنی فیورٹ ہیروئن مادھوری کے ساتھ پورے 19 سال بعد نظر آئیں گے، بالی وڈ کی سدا بہار آن اسکرین جوڑیوں میں سے ایک انیل اور مادھوری 12 فلموں میں رومانس کرچکے ہیں۔
انیل کپور نے اپنے لمبے کیریئر میں سری دیوی، میناکشی اور جوہی چاؤلہ کے ساتھ بھی کافی زیادہ فلمیں کیں لیکن سری دیوی تین چار فلموں میں انیل کپور کے ہوتے ہوئے دوسرے ہیرو کی ہیروئن بنیں۔
انیل کپور اور مادھوری سب سے پہلے 1987 میں فلم ’حفاظت‘ میں ایک ساتھ اسکرین پر آئے پھر ’تیزاب‘، ’جمائی راجہ‘، ’پرتی کار‘، ’کشن کنیہا‘، ’بیٹا‘، ’جیون ایک سنگھرش‘، ’زندگی ایک جوا‘، ’کھیل‘، ’پرندا‘، ’راج کمار‘، ’رام لکھن‘ اور 2000 میں ’پکار‘ میں بھی بطور جوڑی کام کیا یعنی بالی وڈ کا یہ 33سالہ ”پیئر“ اب 13 ویں بار ایک ساتھ کام کر رہا ہے۔
ٹوٹل دھمال ہدایتکار اندرا کمار کی 15 ویں فلم ہوگی، ندار کمار اس سے پہلے ’دل‘، ’بیٹا‘، ’راجا‘، ’عشق‘، ’من‘، ’عاشق‘، ’رشتہ‘، ’دھمال‘ اور ’مستی‘ سیریز کی فلمیں بناچکے ہیں۔
مادھوری اندرا کمار کی سب سے فیورٹ اداکارہ تھیں، وہ نہ صرف ’دل‘، ’بیٹا‘ اور ’راجہ‘ کی ہیروئن تھیں بلکہ انھوں نے پہلی دو فلموں سے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی جیتا اور تیسری سے نامزد بھی ہوئیں۔
فلم ٹوٹل دھمال میں اجے دیوگن بھی ہیں جن کا کردار غالباً سب سے زیادہ اہم ہے اجے نے اس فلم میں اپنے دوست سنجے دت کی جگہ لی ہے، اجے دیوگن اندرا کمار کے ساتھ فلم ’عشق‘ اور ’مستی‘ میں بھی خوب کامیڈی کرچکے ہیں۔
ٹوٹل دھمال میں اجے کے گول مال فرینڈ ارشد وارثی بھی ہیں جوگول مال سیریز کی طرح دھمال سیریز کی بھی ہر فلم کا لازمی حصہ رہے ہیں۔ اسی طرح مستی سیریز کے رتیش دیش مکھ بھی اس فلم میں ہیں جو اندرا کمار کے ساتھ چھٹی فلم میں کام کر رہے ہیں۔
دھمال سیریز کا سب سے مقبول کردار جاوید جعفری کا ہے جو اس بار بھی ٹریلر تک میں چھائے ہوئے ہیں اس کے علاوہ اور اور اور بہت بڑی اسٹار کاسٹ کے ساتھ بہت سارے جانور اور بہت سارے اسپیشل ایفیکٹس بھی ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ فلم میں اندرا کمار کی پہلی فلم کے ہیرو عامر خان بھی اسپیشل اپیئرنس دیں گے۔ عامر اور اندرا کمار کا ساتھ بھی بہت پرانا ہے دونوں فلم ’دل‘، ’عشق‘ اور ’من‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
عامر خان ٹھگز کی ناکامی کے بعد اگلی فلم کونسی کر رہے ہیں یہ ایک بڑا سوال ہے کیونکہ سلمان خان کی نئی فلم کا ٹیزر تو سامنے آگیا ہے، لارجر دین لائف بڑے بجٹ کی سلمان خان اور کترینہ کیف کی یہ فلم ریلیز بھی عید پر ہوگی۔
پچھلا سال کیونکہ تینوں خان کیلئے اچھا نہیں گیا تو اس سال سلمان، عامر اور شاہ رخ پر سب کی نظریں ہیں۔ سلمان کی تو فلم سامنے ہے لیکن عامر اور شاہ رخ کے اگلے پروجیکٹ بھی فائنل نہیں۔
اطلاعات ہیں کہ ’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد شاہ رخ خان ڈر گئے ہیں اور اب کوئی خطرہ مول لینے کیلئے تیار نہیں، شاہ رخ نے خلا باز پر بننے والی فلم سے بھی توبہ کرلی ہے اور اپنا ٹارگٹ ’ڈان‘ تھری پر جمالیا ہے۔ یہ بات اب طے ہے کہ شاہ رخ اور عامر خان بطور ہیرو 2019 میں بڑی اسکرین سے غیر حاضر ہی رہیں گے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ عامر شا ہ رخ خان کی چھوڑی ہوئی فلم”سارے جہاں سے اچھا“ سائن کرلیں کیونکہ وہ فلم عامر خان کو مدنظر رکھ کر ہی لکھی گئی تھی۔
بالی وڈ میں اس ہفتے کنگنا اور نواز الدین صدیقی آمنے سامنے آئے اور بال ٹھاکرے اور جھانسی کی رانی (مانی کارنیکا ) بن کر دونوں کامیاب ہوئے، ابھی دونوں کا ایک مقابلہ باکس آفس پر جاری ہے دوسرا اگلے سال ایوارڈز کی تقاریب میں ہوگا۔