Time 30 جنوری ، 2019
کھیل

ٹام موڈی نے ملتان سلطانز کی کوچنگ سے معذرت کرلی

ٹام موڈی نے گزشتہ سال ذمہ داریاں سنبھالی تھیں— فوٹو:فائل 

دنیا کے صف اول کے کوچ اور آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ٹام موڈی نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوران ملتان سلطانز کی کوچنگ سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت موڈی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کوچنگ کررہے ہیں، اس سال وہ کیریبین لیگ میں بھی کوچنگ کرتے رہے ہیں لیکن ٹام موڈی نے پی ایس ایل میں کوچنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملتان نے موڈی کی جگہ جنوبی افریقا کے یوہان بوتھا کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جب کہ پشاور زلمی کے اسٹنٹ کوچ عبدالرحمٰن بھی ملتان سلطانز کی کوچنگ کریں گے۔

ملتان سلطانز کے جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز حیدر اظہر کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ٹام موڈی نے کوچنگ کرنے سے معذرت کی تھی جس کے بعد بوتھا کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز کی نئی انتظامیہ نے ٹیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے لیکن ٹام موڈی کا نہ ہونا یقینی طور پر ٹیم کے لیے دھچکہ ہے۔ 

ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کریں گے جبکہ شاہد خان آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ آسٹریلوی اسٹیو اسمتھ پہلے ہی ان فٹ ہوکر ملتان کو الوادع کہہ چکے ہیں اور ان کی جگہ ویسٹ انڈین آندرے رسل کو ملتان کی ٹیم میں لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 53 سالہ ٹام موڈی نے گزشتہ سال ڈائریکٹر وسیم اکرم کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، وسیم اکرم کراچی کنگز میں چلے گئے ہیں۔

مزید خبریں :