06 فروری ، 2012
لاہور… لاہور میں ملتان روڈ پر فیکٹری کی عمارت گرنے سے 50 سے زائد افراد ملبے تلے دبے گئے،خاتون سمیت 5 افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ لاہور میں ملتان روڈ پر کھاڑک نالے کے قریب بوائلرپھٹنے سے نہ صرف فیکٹری کی عمارت گر گئی بلکہ اس سے ملحقہ تین گھر بھی زمیں بوس ہو گئے ،عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت گرنے سے 50 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں عمارت کے ملبے سے ایک لڑکی سمیت 5 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔فیکٹری کے چوکیدار کا کہنا ہے کہ عمارت میں17افراد موجود تھے۔ علاقے کی تنگ گلیاں ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید دشواری کا سامنا ہے تاہم ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔گرنے والی فیکٹری کی عمارت 3 منزلہ تھی جس میں دوایات تیار کی جارہی تھی۔