Time 17 فروری ، 2019
کھیل

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 4 کی پہلی فتح حاصل کرلی

سہل اختر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو: فائل/پی ایس ایل

دبئی: لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی پہلی فتح حاصل کرلی۔

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دی۔

لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے — فوٹو: پی سی بی

قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 64 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

سہیل اختر 39 رنز بنا کر عمر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان نے بھی 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

اے بی ڈویلیئرز صرف تین رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ڈیوچچ نے اپنی ٹیم کے اسکور میں 28 رنز کا اضافہ کیا۔

مقررہ 20 اوورز میں لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا۔

کراچی کی جانب سے عمر خان نے دو جب کہ محمد عامر اور سکندر رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں لاہور قلندرز کے بولرز چھائے رہے

شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: پی سی بی

کراچی کنگز کی اننگز کے دوران لاہور قلندرز کے بولرز چھائے رہے اور کسی بیٹسمین کو لمبی اننگز کھیلنے نہیں دی۔

کراچی کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 34 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ بابر اعظم 28 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس کے علاوہ فاسٹ بولر راحت علی نے تین اور شاہین آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے 2 پوائنٹس حاصل کیے تھے جب کہ لاہور قلندرز کو پہلے میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :