کھیل
Time 19 فروری ، 2019

'ابھی تو میں جوان ہوں': کرکٹ میں پرفارمنس دیکھی جاتی ہے عمر نہیں!

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے اور کرکٹ کے دیوانے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اپنی پسندیدہ ٹیموں میں ایکشن میں دیکھ رہے ہیں۔ 

رواں سیزن میں 6 ٹیمیں ایکشن میں نظر آرہی ہیں۔ ان 6 ٹیموں میں کئی ایسے عظیم کھلاڑی بھی موجود ہیں جو اپنی بڑھتی ہوئی عمروں سے پریشان نہیں بلکہ کرکٹ کو میدان میں خوب انجوائے کر رہے ہیں۔

بعض اوقات کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار ان کی بڑھتی ہوئی عمر کو ٹھہرایا جاتا ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ جسم کو فٹ رکھنا مشکل ہو جاتا ہے اور وہ بیرونی پریشر برداشت کرنے کا مادہ بھی کھو دیتا ہے۔

دوسری جانب معمر کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے کے بعد بھی لیگز اور ڈومیسٹک میچز میں اپنی پرفارمنس کو برقرار رکھنے میں کامیاب نظر آتے ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی عمر نے کبھی ان کا جوش و لولہ کم نہیں ہونے دیا اور نہ ہی ان کی پرفارمنس میں حائل ہوسکی۔ 

ان معمر کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے مداحوں کو دیوانہ بنا رکھا ہے۔ پاکستان سپرلیگ میں شریک چند ایسے ہی کھلاڑیوں کو نظر ڈالتے ہیں جو کہ زیادہ عمر کے باجود  'فِٹ بھی اور ہِٹ' بھی ہیں۔

مصباح الحق- (پیدائش 8جولائی ، 1974)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب کپتان مصباح الحق پاکستان سپر لیگ کے معمر ترین کھلاڑ ی ہیں۔وہ 44 سال کی عمر میں بھی سپر فٹ ہیں۔ بڑھتی ہوئی عمر بھی ان کی کارکردگی میں رکاوٹ نہیں بن سکی۔ دو برس قبل انھوں نے 42 سال کی عمر میں تیز ترین ٹیسٹ سنچریاں داغ کر ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ سر وی وین رچرڈ کا ریکارڈ توڑا تھا۔

مصباح الحق  2016-18 تک اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ رہے البتہ رواں سیزن میں وہ پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے تو ریٹائر ہوگئے لیکن پاکستان سپر لیگ میں ان کی بہترین پرفارمنس میں برقرار ہے۔ انہوں نے دوبار اسلام آبادیونائیٹڈ کی شاندار کپتانی کی اور ان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈدو بارپاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بنا۔

شکیل انصر- (پیدائش 11نومبر،1978)

_فائل فوٹو

ملتان سلطانز نے رواں سیزن میں اپنی ٹیم میں ایک 40 سالہ فرسٹ کلاس کرکٹر کو بھی شامل کیا ہے۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔انھوں نے 2012 میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آغاز کیا لیکن عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ نہ کرسکے البتہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی پرفارمنس عمدہ ہے۔

شکیل انصر  2018-19 قائد اعظم کپ ،ون ڈے کپ میں زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 246 رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اس سے قبل وہ  ڈومیسٹک کرکٹ میں زرعی ترقی بینک، سیالکوٹ اسٹالنز اورپاکستان کسٹمز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

اعزاز چیمہ- (پیدائش 5ستمبر1979)

_اسکرین گریب 

’لاسٹ اوور کنگ ‘ یعنی اعزاز چیمہ کھیل کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 39سالہ میڈیم فاسٹ بولر پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کھیلنے والے زائد عمر کے  کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

اعزاز نے 2016 کی سپر لیگ میں 36برس کی عمر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتوحات سے ہم کنار کرتے ہوئےٹیم کو 2016سپر لیگ کےفائنل میں پہنچایا۔

انھوں نے سپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں فرسٹ کوالیفائنگ ایونٹ کے آخری اوور میں پشاور زلمی کو فتح کے لیے ترسا دیا تھا۔ پشاور زلمی کو جیت کے لیے 6گیندوں پر تین رنز درکار تھے۔

اعزاز نے وہاب ریاض، جو 22رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے کو چلتا کرنے کے بعد اپنی ہی بولنگ میں حسن علی کا کیچ تھاما اور پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

پنجاب کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والے بولر اعزاز قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کرچکے ہیں۔

محمد حفیظ-17اکتوبر 1980

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

محمد حفیظ 38 برس ہونے کے باوجود بہترین پرفارمنس کے حامل ہیں۔ رواں سیزن میں وہ پشاور زلمی کا حصہ تو نہیں ہوں گے البتہ وہ جیت کے لیے بے تاب ٹیم لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے لیکن زخمی ہونے کے باعث وہ اب ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

 محمد حفیظ 2016 سے 2018 تک پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان کی عمدہ کپتانی نے ٹیم کو فائنل تک پہنچایا تھا۔

 وہ قومی ٹیم کی جانب سے 29میچز میں کپتانی کے فرائض انجام دیں چکے ہیں جس میں انھیں 17 فتوحات جب کہ 11میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

شاہد خان آفریدی۔ یکم مارچ ،1980

_اسکرین گریب

بوم بوم شاہد خان آفریدی ، پشاور زلمی کے 36 سالہ ’نوجوان ‘کھلاڑی اور کراچی کنگز کے ’’کنگ‘‘ بننے کے بعد اب پی ایس ایل 4 میں ملتان سلطانز میں اپنی سلطنت قائم کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ 38 سالہ قومی ٹیم کے سابق کپتان کو کسی فٹنس کے کسی مسئلے کا سامنا نہیں ہے۔

آفریدی نے گزشتہ سیزن میں ہی پشاور زلمی کے خلاف 4 گیندوں پر 4 فلک بوس چھکے لگائے اور پی ایس ایل کی تاریخ میں سب زیادہ چھکے لگانے کی تاریخ بھی رقم کی۔

انھوں نے پی ایس ایل تھری میں 37برس کی عمر میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ناقابلِ یقین کیچ تھاما۔ آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےبیٹسمین عمر امین کی باؤنڈری سے باہر جاتی بال کو ایک ہاتھ سے کیچ لیااور خود کو باؤنڈری سے باہر جاتا دیکھ کر گیند کو ہوا میں اچھا ل دیااور واپس باؤنڈری میں آ کر شاندار کیچ پکڑا۔

 38 سالہ آل راؤنڈر شاہد خان آفرید ی انٹرنیشنل سنچری بنانے والے کم عمر کھلاڑی،تیز ترین سنچری اور ون ڈے میں سب زیادہ چھکے مارنے کا اعزا ز حاصل کر چکے ہیں۔

شین واٹسن۔ (پیدائش 17 جون 1981)

_اسکرین گریب

آسٹریلیاکے سابق کپتان شین واٹسن کی عمر 37برس ہے اور وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑیوں میں سے ہیں۔وہ گزشتہ برس کوئٹہ کی ٹیم سے وابستہ ہوئے۔ اس سے قبل انھوں نے 2016 اور 2017 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی۔

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں 684رنز کے ساتھ چوتھے نمبر ہیں جب کہ گزشتہ سیزن میں وہ انفرادی طور پر سب سے زیادہ 90 رنز اسکور بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ شین واٹسن  کراچی کنگز کے خلاف 58گیندوں میں 90رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ 11کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرشین واٹسن اور کیون پیٹرسن نے ہر سیزن کے اہم میچز میں ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کیا ہے لیکن کوئٹہ کے ساتھ ہمیشہ یہ بدقسمتی رہی کہ ٹیم کے اہم غیر ملکی کھلاڑی کیون پیٹرسن اور شین واٹسن پاکستان میں آکر کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مسلسل دو بار فیصلہ کن معرکے میں قدم رکھ چکی ہے۔

محمد سمیع- (پیدائش 24فروری 1981)

فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فاسٹ بولرمحمد سمیع ، لیوک رونچی کی موجودگی میں ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ مصباح الحق کے جانشین محمد سمیع نے گزشتہ برس 37سال کی عمر بھی عمدہ بولنگ کی ۔انہوں نےٹورنامنٹس میں کئی مواقع پر ٹاپ آڈرز کو تہس نہس کیا ، جس کے باعث حریف بیٹس مینوں کے لیے ان کی بولنگ کا سامنا کرنا دشوار ہوگیا۔

38سالہ فاسٹ بولر 2016 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے۔ انھوں نے 7میچز میں 12،جب کہ 2017 میں 16میچز میں 24شکار کیے۔

محمد سمیع 2016 سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ فاسٹ بولر کوانٹرنیشنل کرکٹ میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

کامران اکمل- (پیدائش 13جنوری ،1982)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل 37 برس ہونے کے باوجود ویسے ہی چست ہیں ، ان کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔کامی بھائی پاکستان سپر لیگ کی ریکارڈ بک میں چھائے ہوئے ہیں۔

پی ایس ایل کے ٹاپ اسکورر کامران اکمل 13جنوری 1982 کو لاہور میں پیدا ہوئے اورگزشتہ چار برسوں سے پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔

وہ پی ایس ایل کی بیٹنگ ریکارڈ میں 929رنز کےساتھ ٹاپ پر موجود ہیں اور گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی لسٹ میں 425رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جب کہ 2017- 2018 میں دو سنچریاں اسکور کیں۔

کامران اکمل عرف کامی کو پی ایس ایل کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انھوں نے گزشتہ برس کراچی کنگز کے خلاف 17گیندوں میں نصف سنچری اسکور کی تھی۔

شعیب ملک - (پیدائش یکم فروری، 1982)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک رواں برس بھی ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ 37سالہ شعیب ملک 2016-17 تک کراچی کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں اور ابتدائی سیزن میں ٹیم کی کپتانی بھی کرچکے ہیں۔

ان کی کپتانی میں2018سیزن میں ملتان سلطانز کی کارکردگی ،لاہور قلندرز کے مقابلے میں بہترین رہی ۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز نے گزشتہ سیزن میں ڈیبیو کیا تھا اورپی ایس ایل کی تاریخ میں اسکور بورڈ میں سب سے زیادہ 183رنز بنانے کا ریکارڈ ملتان سلطانز کے پاس ہے۔

لیوک رونچی- (پیدائش 23اپریل 1982)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق کپتان لیوک رونچی 23اپریل 1982 میں نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے ۔ جارحانہ بیٹسمین نے 37سال کی عمر میں پی ایس ایل کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔

انھوں نے2018 پی ایس ایل پلے آف میچ میں دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئےکراچی کنگزکے بولرز کی خوب دھلائی کی اور39گیندوں پر 94رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔ان کی اننگز میں 5چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں۔ انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی کے خلاف 52رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

خیال رہے کہ فٹ 11انچ کے رائٹ ہینڈڈ بیٹسمین گزشتہ برس پلیئر آ ف دی سیریز قرار پائے۔انہوں نے 2018پی ایس ایل میں 435رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے۔

وہ رواں سیزن میں بھی اسلام آباد کی دوسری بار نمائندگی کریں گے ۔تاہم رواں برس ٹیم کی کمان فاسٹ بولر محمد سمیع کو سونپی گئی ہے۔خیال رہے کہ لیوک رونچی واحد انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں جن کو آسٹریلیا اور نیوزی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ای ین بیل- (پیدائش 11اپریل 1982)

_فائل فوٹو

انگلینڈ کےبیٹسمین ای ین بیل پہلی بارپی ایس ایل میں شرکت کر رہے ہیں۔ 36سالہ ای ین بیل کا پورا نام ای ین رونالڈ بیل ہے۔

وہ آخری بار 2015 میں پاکستان کے خلاف میچ میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی کارکردگی شاندار ہے۔

انھوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں وارورکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے نارتھمپٹن شائر ٹیم کی خلاف 62گیندوں پر 131رنز طوفانی اننگز کھیل کر دنیا کو بتادیا کہ وہ ابھی بھی میلہ لوٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے 103میچز کھیلتے ہوئے 2,695رنز بنائے ۔وہ بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکارچراور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا ڈائنامیٹس کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ڈیرن سیمی-(پیدائش 20دسمبر 1983)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

عالمی شہرت یافتہ ویسٹ انڈین کرکٹر اور پی ایس ایل کی پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی عمر 35سال ہے ۔اگر انھیں پی ایس ایل کا سب سے پرجوش کپتان کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ یہ کرکٹ کے میدان میں بہتری کھیل پیش کرنے ساتھ ساتھ مداحوں کے چہرے پر خوشیاں بھی بکھیرتے نظر آتے ہیں۔

رواں سیزن میں پشاور زلمی کے حکام نے ٹیم کی کمان ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈیرن سیمی کو سونپی ہے ۔خیال رہے کہ ان کی قیادت میں پشاور زلمی نے 2017 میں پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بنانےکا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ڈیرن سیمی سب سے زیادہ چھکے مارنے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ ڈیرن سیمی نےقومی ٹیم کو دو بار عالمی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

ڈوائن براوو-(پیدائش 7 اکتوبر،1983)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل 

'چیمپئن چیمپئن 'کرکٹ کے ساتھ ساتھ اس گانے کے سے بھی شہرت حاصل کرنے والے  ڈوائن براوو پہلی بار پی ایس ایل کی دو بار کی رنز اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 35سالہ سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈوائن براوو کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی کارکردگی پر کوئی شک نہیں ہے۔

محبتیں اور مسکراہٹیں بانٹنے والے براوو اپنی مخالف ٹیم کو بھی مسکرانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

انھوں نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کو عالمی چیمپئن بنوانے کے بعد '’چیمپئن چیمپئن‘‘ کا گانا گایا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں ’’ایشیا ایشیا‘‘ کے نام سے ایک نیا گانا ریلیز کیا ہے۔

براوو نے 40 ٹیسٹ، 164 ون ڈے اور 66 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرتے ہوئے 5ہزار سے زائد رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 300 سے زائد وکٹیں بھی لیں۔

وائن لی میڈسن- (پیدائش 2 جنوری، 1984)

_فوٹو : پی ایس ایل آفیشل

جنوبی افریقی نژاد انگلش کرکٹروائن لی پہلی بار پشاور زلمی کی جانب سےکھیل رہے ہیں ۔ 35سالہ بیٹسمین وائن لی انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب میں 2102-16ڈربی شائر کرکٹ کلب کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔

ان کی کپتانی میں ڈربی شائر کی ٹیم نے 2012 میں کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹو سے ون میں کوالیفائی کیا۔ 

مزید خبریں :