دنیا
Time 24 فروری ، 2019

مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے مظالم پر او آئی سی رابطہ گروپ کا ہنگامی اجلاس طلب

مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے مظالم پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا۔

اجلاس پاکستان کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے جو 26 فروری کو جدہ میں ہوگا۔

او آئی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق او آئی سی اجلاس میں رکن ممالک کے او آئی سی میں مستقل مندوبین شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر ہونے والے خود کش کار حملے میں 45 سے زائد فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے بھارت نے کشمیریوں پر مظالم مزید تیز کردیے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے علاوہ بھارت کے مختلف علاقوں میں موجود کشمیری طلبہ اور شہریوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 35 اے کی سماعت بھی متوقع ہے جس کے خلاف کشمیر میں احتجاج کیا جارہا ہے۔

ان ہی مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ سے آج کشمیر کے ضلع کلگام میں 2 علیحدہ واقعات میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے  جبکہ تصادم کے دوران بھارتی پولیس کا ڈپٹی سپرنڈنٹنٹ پولیس ( ڈی ایس پی ) بھی ہلاک ہوگیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے حریت رہنماؤں اور کشمیریوں کی گرفتاری اور آرٹیکل 35 اے کے خلاف خلاف ہڑتال بھی کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ آرٹیکل 35 اے کے تحت جموں و کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کے نوکری حاصل کرنے، ووٹ دینے اور غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر پابندی عائد ہے اور اس دفعہ کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والی ہے۔

پاکستان نے بھی بھارتی آئین کے آرٹیکل 35 اے پر بحث کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافک تبدیلیوں کی مذمت کرتا ہے، ایسا کوئی بھی اقدام عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہوگی، عالمی برادری موجودہ صورت حال کا نوٹس لے۔

مزید خبریں :