ڈویلیئرز انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر، پاکستان نہیں آئیں گے

پاکستان میں میچز مس کرنے پر شدید مایوسی ہوئی ہے، مجھے ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، اے بی۔ فوٹو: فائل

دبئی: جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندرز کے مایہ ناز کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن سے باہر ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز کمر میں درد کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے اور وہ پاکستان آکر ایونٹ کے مزید میچز کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اے بی ڈویلیئرز کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پاکستان میں میچز مس کرنے پر شدید مایوسی ہوئی ہے، مجھے ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، اگلے برس ضرور پاکستان آؤں گا۔

ڈی ویلیئرز کا مزید کہنا تھا کہ میری تمام تر نیک خواہشات قلندرز کے ساتھ ہیں۔

 لاہور قلندرز کی منیجر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ ڈی ویلیئرز کا پاکستان نہ آنا فینز کے لیے مایوس کن خبر ہے، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

سابق جنوبی افریقی کھلاڑی نے لاہور قلندرز کی جانب سے 7 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 54.50 کی اوسط سے 218 رنز بنائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کو انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونا پڑا تھا جس کے بعد ڈویلیئرز کو کپتانی سونپی گئی تھی۔

مزید خبریں :