وزیراعظم عمران خان پی ایس ایل میچز دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم آرہے ہیں یا نہیں ؟

پاکستان سپرلیگ کے میلے کو چار چاند لگانے کے لیے کئی ملکی وغیر ملکی مہمان کراچی آرہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے میلے کو چار چاند لگانےکے لیے کئی ملکی اور غیر ملکی مہمان نیشنل اسٹیڈیم کراچی آرہے ہیں جب کہ شائقین کرکٹ وزیراعظم عمران خان کو بھی میدان میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے عمران خان کی آمد سے متعلق چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ میچز دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم آئیں گے یا نہیں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن فائنل دیکھنے کے لیے 16 مارچ کو کراچی آئیں گے، کرکٹرز کی تنظیم فیکا کے سربراہ ٹونی آئریش آج کراچی پہنچ رہے ہیں جب کہ کرکٹ آسٹریلیا کے سیکیورٹی کے سربراہ شان کیرل نے بھی پاکستان آنے کی تصدیق کردی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نظم الحسن پاکستان کرکٹ بورڈ کی خصوصی دعوت پر اتوار کو ملائیشیا سے کراچی پہنچ رہے ہیں وہ پاکستان میں دس دن قیام کریں گے۔

پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نظم الحسن نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھیں گے اور 18 مارچ کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق آئندہ سال بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اس لیے نظم الحسن کو پاکستان مدعو کیا گیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو فائنل کے لیے مدعو کیا جارہا ہے جب کہ چاروں وزرائے اعلیٰ کو بھی میچز دیکھنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا، پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 11 مارچ کے میچ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ 

پی سی بی اور پی ایس ایل کے سابق سربراہ نجم سیٹھی کو کراچی میں ہونے والے تمام میچز کی دعوت احسان مانی نے خود دی ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی کوششوں سے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام ہورہا ہے، اور گزشتہ روز انہوں نے سوشل میڈیا پر نیشنل اسٹیڈیم کی تین تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے تحریر کیا، نیا نیشنل اسٹیڈیم کراچی۔


مزید خبریں :