اٹلی میں حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے بچوں کو اسکول میں داخلہ نہ دینے کا قانون

اٹلی میں اسکول  داخلے کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار۔ فوٹو کریڈٹ : گیٹی امیجز

مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکے صرف ایک وقتی قدم نہیں ہوتا بلکہ یہ ٹیکے بچے کے تاعمر مختلف امراض سے بچاؤ کا ذریعہ ہو سکتے ہیں۔ ان کی اہمیت کے پیش نظر تقریباً دنیا کے ہر ملک میں ویکسینیشن پر خصوصی زور دیا جاتا ہے۔

اٹلی نے ویکسینیشن کی اہمیت کو نہ صرف سمجھا، مانا بلکہ اسے عوام سے منوانے کے لیے ایک قانون بھی بنایا۔ 

اٹلی میں رہنے والوں کے بچے اس وقت تک اسکول نہیں جا سکیں گے جب تک ان کی ویکسینیشن کے شواہد فراہم نہ کر دیے جائیں۔

ضروری ویکسینیشن کے بغیر بچے کو اسکول بھیجنے والے والدین کو 560 ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قانون کے نافذ کر دینے کے بعد سے ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اٹلی میں نافذ ہونے والے اس قانون کو سابق وزیر برائے صحت عامہ کے نام پر 'لورینزن'کا نام دیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت اسکول جانے سے قبل بچوں کو ضروری بنیادی ویکسینیشن کروانا لازمی ہے جب کہ 6 سال تک کے بچوں کو ویکسینیشن نہ ہونے کی صورت میں اسکول سے بے دخلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

6 اور 16 سال کے درمیانی عمر کے بچوں کو اسکول سے بے دخلی کی بجائے، ان کے والدین کو ویکسینیشن کورس کو مکمل نہ کروانے کے نتیجے میں جرمانہ کیا جائے گا۔

اس قانون کا سلوگن 'نو ویکسین، نو اسکول' ہے۔ اٹلی کے شہر بولونگا میں مقامی حکام 300 بچوں کو اسکول سے بے دخلی کے نوٹس بھیج چکے ہیں جب کہ صرف اس ایک شہر میں 5000 بچوں کے ویکسینیشن کی دستاویزات مکمل نہیں ہیں۔ 

اٹلی میں حفاظتی ٹیکوں کے نئے قانون کا نفاذ ملک میں حفاظتی ٹیکوں کی 80 فیصد سے نیچے کی سطح کو ادارہ برائے عالمی صحت کے 95 فی صد ٹارگٹ تک لانا ہے۔

مزید خبریں :