پاکستان
Time 12 اپریل ، 2019

کوئٹہ کی سبزی منڈی میں خودکش حملہ، 20 افراد جاں بحق، 48 زخمی


کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں ایف سی اہلکار سمیت 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے۔

سبزی منڈی میں دھماکا اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد خرید و فروخت میں مصروف تھی

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں دھماکا خودکش تھا جب کہ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ دھماکا آلو کی دکان پر لوڈنگ کے دوران ہوا۔

دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں جب کہ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر سول اور بولان میڈیکل کمپلیس منتقل کردیا گیا۔


ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے واقعے کے بعد 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جس کے بعد ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں ایک ایف سی اہلکار اور 7 ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں جب کہ واقعے میں 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔

کوئٹہ دھماکے کے بعد سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ 

وزیر اعظم  نے دھماکے کی فوری تحقیقات اور شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانےکی ہدایت کی اور کہا کہ دھماکے سے متاثرہ افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ہزار گنجی دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :