کھیل
Time 12 مئی ، 2019

بیچ ریسلنگ کے فائنل میں پاکستان کے انعام بٹ کو شکست، سلور میڈل حاصل کرلیا


ریو ڈی جنیرو: برازیل میں منعقدہ بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے فائنل میں پاکستان کے انعام بٹ کو شکست ہوگئی تاہم وہ سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔

فائنل مقابلے میں انعام بٹ کا مقابلہ جارجیا کے ریسلر دیتو مرساگشیو سے ہوا جنہوں نے پاکستانی ریسلر کو دو صفر سے ہرایا۔

بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں انعام بٹ نے سلور میڈل حاصل کرتے ہوئے ورلڈ بیچ گیمز کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا جو رواں سال اکتوبر میں امریکا کے شہر سین ڈیاگو میں شیڈول ہے۔

انعام بٹ نے ریفری کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یقینی گولڈ میڈل سے محروم کردیا گیا اور ریفری کا فیصلہ میرے خلاف گیا جس کی وجہ سے پوائنٹ میرے خلاف گیا، عالمی تنظیم سے ریفری کے فیصلے کی شکایت کردی ہے۔

انعام بٹ کا کہنا تھا کہ ایک روز پہلے جس تکنیک کی اجازت دی تھی وہی آزمائی لیکن پھر بھی فیصلہ میرے خلاف گیا، اللہ کا شکر ہے کہ پھر بھی سلور میڈل جیتا اور ورلڈ بیچ گیمز کے لیے کوالیفائی کیا۔

انعام بٹ نے مزید کہا کہ ورلڈ بیچ گیمز میں جگہ بنانے والا واحد پاکستانی ہوں، پوری قوم کا شکریہ کہ انہوں نے میرے لیے دعائیں کیں، یہ میڈل میری طرف سے قوم کیلئے تحفہ ہے، پنجاب اسپورٹس بورڈ کا بھی شکریہ کہ انہوں نے میری بہت مدد کی۔

مزید خبریں :