انگلینڈ کیخلاف شکست کی وجہ خراب فیلڈنگ اور کیچ چھوڑنا ہے: سرفراز احمد

 بولرز کو لائن و لینتھ پر توجہ دینا ہو گی: کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں شکست کی وجہ خراب فیلڈنگ اور کیچ چھوڑنے کو قرار دیدیا۔

ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں 340 رنز بنا کر تین وکٹ سے ہارنے والی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں شکست کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ افسوس ہم کیچ نہیں پکڑا پا رہے، فیلڈنگ میں بھی سنگین قسم کی کوتاہیاں کر رہے ہیں جس کے باعث میزبان ٹیم کے خلاف بڑا اسکور کر کے بھی جیت سے دور ہیں۔

اکتیس سالہ وکٹ کیپر نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ہم اسی طرح کی فیلڈنگ کرتے ہیں، ہم نے کچھ عرصے پہلے فیلڈنگ میں عمدہ پرفارمینس کا مظاہرہ کیا تھا جو اب نہیں کر پا رہے جس کا ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑ رہا ہے۔

ساتھ ہی 105 ون ڈے کھیلنے والے سرفراز احمد نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بولرز کو لائن و لینتھ پر توجہ دینا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر بھی ان فٹ ہیں جس سے ایک بولر کم ہو گیا ہے البتہ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ بلے باز اپنے لئے کھیل رہے ہیں۔

سرفراز احمد کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف مسلسل ناکامیوں کے باوجود یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ مسلسل تین میچوں میں ہماری ٹیم لڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، ہم نے مسلسل تین میچوں میں تین سو کا ہندسہ عبور کیا جو ایک اچھی چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بیٹس مین بڑا اسکور بنا رہے ہیں تاہم کچھ غلطیاں ہیں جس کی وجہ سے ہم جیت سے دور ہیں۔

39 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ آخری ون ڈے میں اچھا کھیلیں اور کم سے کم غلطیاں کریں۔

مزید خبریں :