Time 21 مئی ، 2019
کھیل

کرکٹ ورلڈ کپ: اعجاز احمد کو محمد عامر کے حوالے سے خدشات لاحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ورلڈ کپ میں سب کچھ آسان نہیں ہو گا، پاکستان ٹیم کو سخت محنت درکار ہے، اعجاز احمد — فوٹو: فائل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہونے میں اب کچھ ہی روز باقی ہیں، کونسی ٹیم کتنی مضبوط ہے اس بارے میں مختلف آراء سامنے آرہی ہیں۔

سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ورلڈ کپ میں سب کچھ آسان نہیں ہو گا، پاکستان ٹیم کو سخت محنت درکار ہے، بنگلہ دیش اور افغانستان جیسی ٹیموں نے اپنے کھیل کو بہت بہتر کیا ہے، پاکستان ٹیم کو فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم اگرچہ کئی ہفتوں سے انگلینڈ میں ہے لیکن ابھی پاکستان ٹیم نے وارم اپ میچز بھی کھیلنا ہیں، اگر پاکستان ٹیم کو فٹنس ایشوز نے گھیر لیا تو بہت مشکلات ہوں گی، کنڈیشنز کے مطابق فٹنس مسائل پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔

‏شاداب خان کی واپسی سے اعجاز احمد بہت مطمئین ہیں، کہتے ہیں کہ شاداب خان کے آنے سے بولنگ میں بہتری آئے گی کیونکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں خراب بولنگ کی وجہ سے مشکلات پیدا ہو ئیں، شاداب خان نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے بیٹسمینوں کیلئے خطرہ ثابت ہوں گے۔

اعجاز احمد نے کہا کہ ٹیم میں اس وقت گیند کو ٹرن کرنے والے بولر کی کمی ہے،عماد وسیم رنز تو روکتے ہیں لیکن وہ ٹرن نہیں کر سکتے، ون ڈے میں رنز روکنے سے بڑھ کر وکٹ لینے کا فائدہ ہوتا ہے۔

‏اعجاز احمد سمجھتے ہیں کہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ درست ہے، انہیں پہلے ہی ٹیم میں ہونا چاہیے تھا تاکہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوتے، وہاب ریورس سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو انگلینڈ کی موجودہ کنڈیشنز میں سود مند رہے گا۔

‏محمد عامر کے بارے میں اعجاز احمد خدشات کا شکار ہیں، کہتے ہیں کہ محمد عامر کی حالیہ پرفارمنس اچھی نہیں رہی، وہ 14 میچز میں پانچ وکٹ لے سکے ہیں، حالیہ دورہ انگلینڈ میں کوئی میچ نہیں کھیل سکے، چکن پاکس کا شکار رہے، اب دیکھنا ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کیلئے مشکلات کا باعث بنتے ہیں یا حریف ٹیموں کیلئے خطرہ بنتے ہیں۔

مزید خبریں :