22 مئی ، 2019
کراچی: سپرہائی وے پر سبزی منڈی میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سبزی منڈی میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے سبزی منڈی کا مرکزی دروازہ بند کردیا جب کہ مشتعل افراد نے سپر ہائی وے کی دونوں سڑکیں بند کردی جس کی وجہ سے اطراف میں ٹریفک جام ہوگیا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے، زخمیوں میں سے دو کی شناخت اسماعیل اور اسحاق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث دو ملزمان مومن اور بسم اللہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا ہے جب کہ جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب فائرنگ میں ہلاک ہونے والے شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی جہاں اس کی شناخت سیف الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔
گرفتار ملزم کا بیان
گرفتار ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ایک شخص نے کیلے کا چھلکا پھینکا پھر پانی کا چھڑکاؤ ہوا تو پھسلن ہوگئی جس کے بعد دو فریقین میں تلخ کلامی کے بعد بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تاجر کے پھسلنے پر پیش آیا، آڑھتی نے اپنے ساتھی بلوائے جنہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی تاہم فائرنگ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔