حفیظ شیخ سے اختلافات، سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹادیا گیا

فائل فوٹو: حفیظ شیخ، یونس ڈھاگا

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے اختلافات کی بناء پر سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔

ذرائع کےمطابق سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ نوید کامران بلوچ کو ان کی جگہ سیکریٹری خزانہ تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ معروف افضل کو سیکریٹری کابینہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے درمیان کچھ دنوں سے اختلافات تھے جس کے باعث سیکریٹری خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آخری دورمیں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت خزانہ کے معاملات میں یونس ڈھاگا سے کوئی مشاورت نہیں کی جارہی تھی جب کہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے بھی مشیر خزانہ کا دفتر یونس ڈھاگا سے کوئی رہنمائی حاصل نہیں کررہا تھا۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹائے جانے کے بعد سے معاشی ٹیم میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی تبدیل کیا ہے جب کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔


مزید خبریں :