27 مئی ، 2019
وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ سے سوال کیا ہے کہ بتائیں ان کا افغانستان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس چیف سے کیا تعلق ہے؟
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ ویڈیوز موجود ہیں کہ کل کیسے فوج کی چوکی پر حملہ کیا گیا، اس ایوان کے رکن نے لوگوں کو اشتعال دلایا۔
مراد سعید نے کہا کہ دو تین دن سے پُر امن دھرنا جاری رہا، مطالبات ماننےکا وقت آیا تو ایم این اے نے فون کر کے چوکی پر حملے کرنےکو کہا۔
انہوں نے کہا کہ کل ایک پارٹی چیئرمین کا بیان آیا، ایک محترمہ کا بھی بیان آیا، وزیرستان میں آپریشن ہوا تو کس کی حکومت تھی؟ نقیب اللہ محسود کے قتل کے بعد پی ٹی ایم بنی، راؤ انوار کس کا بہادر بچہ ہے؟ بلاول بھٹو بتائے ان کا بہادر بچہ راؤ انوار کہاں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ محسن داوڑ ماضی میں ڈرون حملوں کی حمایت کرتا رہا ہے، محسن داوڑ نے اچکزئی کو ملا کر سرحد پر باڑ لگانے کی بھی مخالفت کی تھی، آج اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، محمود اچکزئی نے 25 ہزار افغانیوں کے جعلی شناختی کارڈز بنوائے۔
مراد سعید نے کہا کہ محسن داوڑ سے سوال کرتا ہوں، طاہر داوڑ کی لاش این ڈی ایس چیف نے کیوں کہا کہ محسن داوڑ کو دوں گا؟ محسن داوڑ اور این ڈی ایس چیف کا کیا تعلق ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ محسن داوڑ صاحب، این ڈی ایس آپ کو کیسے سپورٹ کرتی ہے، اس کا جواب دیں؟
وفاقی وزیر نے ن لیگ اور پی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سےہمارے گھر تباہ ہوئے، یہ دشمنوں کے بیانیے کو پروموٹ کرتے ہیں، میں آئی ڈی پی بھی بنا، گھر اور کاروبار آنکھوں سے تباہ ہوتے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ بہت عرصے بعد ہمارے علاقے میں خوشحالی آئی ہے، اب ہمیں زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئیں مل کر ان سازشوں کو ختم کریں، دھرتی ماں کو گالیاں دینا بند کرنا ہو گا، جو ہمارے اندر دشمن بیٹھے ہیں انہیں ختم کرنا ہے۔
مراد سعید کی تقریر کے دوران ن لیگ کے ارکان احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
ن لیگی اراکین کا مؤقف ہے کہ مراد سعید سوالات کے جوابات کے بجائےکچھ اور باتیں کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی ایوان سے واک آؤٹ کر گئیں۔