کھیل

رواں برس 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا امکان

سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اکتوبر 2017 میں لاہور میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا — فوٹو: فائل

امکان ہے کہ پاکستان میں رواں برس 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ واپس آرہی ہے اور ٹیسٹ سیریز وہی ملک کھیلے گا جس کے کھلاڑیوں پر لاہور میں دہشت گردی ہوئی تھی۔

پاکستان نے اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ کراچی اور لاہور میں کرانے کی خواہش ظاہر کی ہے اور کرکٹ سری لنکا سے کہا ہے کہ وہ اپنے سیکیورٹی وفد کو پاکستان بھیجے جہاں اسے سیکیورٹی پر پریزنٹیشن دی جائے گی۔

پاکستان پرامید ہے کہ اس سیریز کے ساتھ ہی پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بھی واپسی ہوجائے گی۔ سنگاپور میں ایشین کرکٹ کونسل اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاکستان اور سری لنکا کے حکام کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں پاکستان نے اپنے دونوں شہروں میں ٹیسٹ میچز کرانے کی خواہش ظاہر کی۔

سری لنکا 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کراچی اور لاہور میں سری لنکا کے سیکیورٹی ماہرین کو بریفنگ دی جائے گی۔

سری لنکا کے حکام کو بتایا جائے گا کہ انہیں پاکستان میں کس معیار کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ کرکٹ سری لنکا کے حکام اپنے ملک جاکر سیکیورٹی وفد کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کریں گے اور تاریخوں سے پی سی بی کو آگاہ کیا جائے گا۔

2009 کے بعد سے پاکستان نے تمام ٹیسٹ میچز بیرون ملک کھیلے ہیں۔

مزید خبریں :