کارکن عدلیہ کی آزادی، تحفظ اور دفاع کیلئے ڈٹ جائیں، نواز شریف کا جیل سے پیغام

پارٹی معزز جج صاحبان پر حکومتی تہمتوں کے پلندے کو بے نقاب کرے اور بھرپور مزاحمت کرے،یہ ملک وقوم کو بچانے کا وقت ہے، کارکن آئینی ادارے کو بچائیں، نواز شریف— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کارکن عدلیہ کی آزادی، تحفظ اور دفاع کیلئے ڈٹ جائیں، حکومتی حملے ناکام بنانے میں کسی کمزوری کا مظاہرہ نہ کیا جائے، اور 31 مئی کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارلیمانی قیادت حکومتی حملے کے خلاف جوابی حکمت عملی جلد تیار کرے گی۔

کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد مریم اورنگزیب نے میڈیا کو نوازشریف کا پیغام پڑھ کرسنایا۔

اپنے پیغام میں نوازشریف نے کہا کہ :

'یہ حادثات نہ سمجھیں ابھی کہ پست ہوں میں

شکستہ ہوکے بھی ناقابل شکست ہوں میں'

مریم اورانگزیب کے مطابق نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارٹی معزز جج صاحبان پر حکومتی تہمتوں کے پلندے کو بے نقاب کرے اور بھرپور مزاحمت کرے۔

نوازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اپنی پرواہ نہیں، یہ ملک وقوم کو بچانے کا وقت ہے، ان کے ساتھ جو ہونا تھا ہوگیا، کارکن آئینی ادارے کو بچائیں، ووٹ کو عزت دو کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہوں، کارکن میری صحت کی فکر مت کریں، میرا مقصد بہت بڑا ہے ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ہدایت پر پارٹی کے ارکان پارلیمان کا اجلاس جمعے کو طلب کرلیا ہے، قوم پرمسلط نالائق وزیراعظم کی آمرانہ سوچ برداشت نہیں کریں گے، پہلے بھی عدلیہ پر حملہ ناکام بنایا تھا، اب بھی ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم کے جھوٹوں کا حجم اس قدر زیادہ ہے کہ کرائے کے 38 ترجمان بھرتی کرلیے، نالائق اعظم کی وجہ سے ذلت کا سونامی آیا ہوا ہے۔

مریم اورنگزیب کے منہ سےعدلیہ کے دفاع کا سن کران کی حسِ مزاح کا قائل ہوگیا، فیصل جاوید

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کے منہ سےعدلیہ کے دفاع کا سن کر وہ ان کی حسِ مزاح کے قائل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم بی بی کی جماعت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے سپریم کورٹ پر مسلح لشکر کشی کی، قومی ادارواں کیخلاف جتنی غلیظ زبان اورحملے ن لیگ نے کیے آج تک کسی جماعت نے نہیں کیے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ گندی زبان، بیہودہ گفتگو اور ججوں کو دھمکانے پر اس ٹولے کیخلاف توہین عدالت کے نوٹسز جاری ہوئے، ہم مریم بی بی کے ساتھ وہ لہجہ اختیارنہیں کریں گے جو میاں صاحب کے کہنے پرانہوں نے کیا۔

مزید خبریں :