31 مئی ، 2019
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہےکہ ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کے اوپر کارکردگی پیش کرنے کے لیے دباؤ ہوگا۔
معین خان نے کپتان سرفراز احمد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ان کے پسندیدہ وکٹ کیپر ہیں اور ان کے ساتھ بڑا اچھا تعلق ہے، ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھاکہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں قیادت کرنا کوئی معمولی بات نہیں، ان تمام باتوں سے سرفراز احمد بخوبی واقف ہوں گے اور انہیں خود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سب سے آگے نظر آنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہاب ریاض، محمد عامر اور شاداب خان کی موجودگی میں ٹیم پاکستان کی بولنگ مؤثر دکھائی دے رہی ہے البتہ فیلڈنگ کے شعبے میں کوتاہیاں نہیں چلیں گی، اچھی فیلڈنگ ہی آگے جانے کا راستہ ہموار کرے گی۔
معین خان نے 1999ء کے ورلڈکپ میں ہرشل گبز کے چھوڑے گئے کیچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے اسٹیو وا کا کیچ گرانے کے سبب جنوبی افریقا ہاری ہی نہیں تھی بلکہ آسڑیلیا ورلڈ چیمپین بھی بن گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد پر یقیناً دباؤ ہوگا وہ کپتان ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہوگی، اچھی بات یہ ہے کہ حالیہ عرصے میں بیٹنگ کے شعبے میں بلے بازوں کا رنز کرنا ایک مثبت بات ہے۔
معین خان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے امید ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ آنے والا وقت ٹیم پاکستان کے لیے اچھا دیکھتے ہیں۔