01 جون ، 2019
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم جہاں بھی ہو اس کے مداح وہاں کا ماحول روایتی رنگوں میں رنگ دیتے ہیں، کچھ ایسا ہی نظارہ گزشتہ دو روز سے برطانیہ کے شہر ناٹنگھم میں دیکھا گیا جہاں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے جمعہ کو پاکستان کیخلاف سات وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
جیت کے 24 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود بھی ویسٹ انڈیز کے فینز ناٹنگھم کی سڑکوں پر رقص کرتے دکھائی دیئے۔
فینز کا ایک گروپ جس میں ڈرمر، بانسری نواز اور روایتی لباس میں ملبوس ڈانسرز شامل ہیں، اپنی ٹیم کی کامیابی کا جشن منارہے ہیں۔
گروپ کے سربراہ اسٹینلے جیری کارے کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچز کو وہ بہت انجوائے کرتے ہیں، جمعہ کو بھی پاکستانی فینز کے ساتھ اسٹینڈز میں ان کو مزہ آیا، کرکٹ لوگوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کیریبین آئی لینڈ سے آئے فین نے پاکستان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ جب جب وہ پاکستان کرکٹ کا ذکر کرتے ہیں ان کے ذہن میں عمران خان کا نام ضرور آتا ہے۔
جیری کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ جہاں جہاں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہو وہ روایتی انداز میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچیں۔