کھیل

فیلڈنگ میں کوتاہیاں ہوئیں جنہیں اگلے میچز میں ٹھیک کرلیا جائے گا: محمد حفیظ


ناٹنگھم: ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت کے مرکزی کردار اور مین آف دی میچ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ابتدائی شکست کے بعد کھلاڑیوں نے بیٹھ کر ایک دوسرے سے بات کی اور حوصلے بلند کرنے کے لیے ماضی کی اچھی اننگز کو یاد کیا جس سے ٹیم کو اعتماد ملا۔

انگلینڈ کیخلاف میچ میں 62 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ نے کہا کہ جب کھلاڑی گراؤنڈ آئے تو یہ جذبہ لے کر آئے کہ کچھ کر دکھانا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جیت کو بہت مس کررہے تھے اور اب کامیابی ملی ہے تو ٹیم کا ہر فرد خوش ہے اور اچھا محسوس کررہا ہے۔ 

قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ اگرچہ مین آف دی میچ بنے ہیں لیکن کامیابی میں کردار سب ہی نے ادا کیا، بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، یقینی طور پر فیلڈنگ میں کوتاہیاں ہوئیں جن کو اگلے میچز میں ٹھیک کرلیا جائے گا۔

 ایک سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ ٹارگٹ تھا کہ 340 تک اسکور بنائیں کیوں کہ ٹیم کو یہ اعتماد تھا کہ اتنے اسکور کا دفاع کرلیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہار پر سب کو تکلیف ہوتی ہے، وہ تنقید پر زیادہ دھیان نہیں دیتے، کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی میدان میں آئیں پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ اسکور لگائیں۔

مزید خبریں :