07 جون ، 2019
برسٹل: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف وننگ کامبی نیشن تبدیل نہیں کرنا چاہئے، بیٹنگ کے لحاظ سے سب ٹھیک ہے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے لیے ہر گیم اہم ہے، سری لنکا ایک اچھا میچ جیت کر آیا ہے اس لیے اسے آسان نہیں لیا جاسکتا۔
سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ بولنگ کے شعبے میں محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان نے بریک تھرو دلائے اس لیے بولنگ کے شعبے میں بھی کامبی نیشن ٹھیک لگ رہا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ سری لنکن ٹیم میں بھی میچ وننگ کھلاڑی موجود ہیں لیکن اس وقت سری لنکن ٹیم بیٹنگ میں پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم سنبھل کر جارح مزاجی کا مظاہرہ کرے، امید ہے انگلینڈ کی ٹیم کو جس طرح ہرایا اس سے حوصلے بلند ہوں گے۔
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ اچھی بات ہے کہ ہر گراؤنڈ اور ہر میچ پر الگ طرح کی وکٹیں مل رہی ہیں، اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں، اگر وکٹ میں کریکس ہیں تو ٹرن ضرور ملے گا۔