08 جون ، 2019
لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں کمنٹیٹرز کو امپائرز کے غلط فیصلوں کے حوالے سے محتاط رویہ اپنانے کو کہا ہے۔
انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران امپائرز کی متعدد غلطیاں سامنے آئیں جس پر کمنٹیٹرز نے شدید تنقید کی تھی۔
آئی سی سی کی جانب سے کمنٹری پینل میں شامل افراد کو ایک ای میل بھیجی گئی جس میں کہا گیا کہ امپائرز کے فیصلوں پر جائز تنقید ضرور کریں لیکن اس پر بات چیت کو زیادہ طول نہ دیں، جس پر بعض کمنٹیٹرز نے آئی سی سی کے اس اقدام پر بھی اعتراض کیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے متعدد غلطیاں دیکھنے میں آئی تھیں جس پر کمنٹری پینل کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے بھی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے دوران ناقص امپائرنگ پر شدید تنقید کی تھی۔
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران امپائرز کے 4 فیصلے ریویو کے بعد واپس ہوئے تھے۔