چیمپئینز ٹرافی کے بعد پاکستان کی نمائندگی نہ کرنے کا ارادہ کیا تھا: عمر اکمل

میرے اس فیصلے پر اہلیہ خاصی برہم ہوئیں اور انہوں نے مجھے سمجھایا کہ ایسا ہرگز نہیں کرنا ہے، عمراکمل — فوٹو:فائل 

لاہور: کرکٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے بعد پاکستان کی جانب سے نہ کھیلنے کا سوچ لیا تھا۔

کرکٹر عمر اکمل عید الفطر پر اپنی اہلیہ نور کے ساتھ جیو نیوز کے پروگرام میں شرکت کی جہاں گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا ہے کہ جب 2017ء آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں بناء کھلائے کوچ مکی آرتھر نے برمنگھم سے وطن بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا تو بہت دلبرداشتہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ بہت افسوس ناک تھا اور گھر پہنچ کر اس حد تک افسردہ تھا کہ میں نے سوچ لیا تھا کہ اب کبھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اس فیصلے پر اہلیہ خاصی برہم ہوئیں اور انہوں نے مجھے سمجھایا کہ ایسا ہرگز نہیں کرنا ہے۔

یاد رہے عمر اکمل کی اہلیہ نور قومی ٹیم کے سابق کپتان اور گگلی بولنگ کے بادشاہ عبدالقادر کی چھوٹی صاحبزادی ہیں۔

 عمر اکمل کا کہنا ہے کہ اپنی بیگم کی مشکل وقت میں حوصلہ افزائی نے ایک نئی توانائی دی اور اپنا فیصلہ تبدیل کیا، اس حوالے سے اپنے بھائی کامران اکمل کو بھی نہیں بتایا تھا۔

121 ایک روزہ میچوں میں 34.34 کی اوسط سے 3194 رنز 2 سنچریوں کی مدد سے بنانے والے عمر اکمل کی قریبا 26 ماہ بعد قومی ون ڈے ٹیم میں واپسی اس سال مارچ میں آسڑیلیا کے خلاف پانچ ون ڈے کی سیریز میں ہوئی تھے، جہاں عمر اکمل نے 30.00کی اوسط سے 150رنز اسکور کئے تھے۔

مزید خبریں :