کھیل

کیا بھارت سے فتح کی صورت میں پاکستان ٹیم مخصوص انداز میں جشن منائے گی؟

میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ کھلاڑیوں نے بورڈ سے پاک بھارت میچ میں فتح کی صورت میں مختلف انداز میں جشن منانے کیلئے اجازت طلب کی ہے— فوٹو: فائل

آئی سی سی ورلڈ کپ میں 16جون کو پاک بھارت ٹاکرا مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان پر منعقد ہوگا، موجودہ ورلڈ کپ کا یہ 22واں میچ سب کی نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ہر کوئی اس میچ کی ٹکٹ کا خواہش مند ہے، دوسری جانب قومی ٹیم جو اب آسڑیلیا سے مقابلے کیلئے ٹاؤنٹن پہنچ چکی ہے، اس کے حوالے سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ کھلاڑیوں نے بورڈ سے پاک بھارت میچ میں فتح کی صورت میں مختلف انداز میں جشن منانے کیلئے اجازت طلب کی ہے، جس سے انہیں منع کر دیا گیا ہے۔

اس بارے میں جب پی سی بی سے رابطہ کیا گیا تو بورڈ نے اس قسم کی خبروں کو من گھڑت اور غلط بیانی پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ کھلاڑیوں کی جانب سے بورڈ سے اس قسم کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

دوسری جانب بورڈ نے واضح کیا کہ کھیل اور سیاست کو ہمیشہ الگ رکھنا ان کی اولین ترجیع رہی ہے، کھیل صحت مند سرگرمیوں کی علامت ہوتے ہیں اور کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ جولائی 2016ء میں لارڈز کے میدان پر جب مصباح الحق کی قیادت میں ٹیم پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں 75رنز سے شکست دے کر ڈریسنگ روم میں جاتے ہوئے 'فوجی انداز میں سلوٹ' کیا تھا۔

اس واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے بورڈ حکام کا مؤقف تھا کہ وہ کھلاڑیوں نے دورہ انگلینڈ سے قبل کاکول میں فٹنس ٹریننگ کرانے والے آفیسر کیلئے شکریہ کے طور پر کیا تھا،جس کی انتھک محنت سے انہیں اپنی فٹنس کو بہتر اور اچھا بنانے کا موقع ملا۔

یاد رہے لارڈز پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے 'فوجی انداز میں سلوٹ' کے انداز کو نہ صرف پسند کیا گیا تھا بلکہ سابق انگلش کرکٹرز نے اسے سراہا بھی تھا۔

مزید خبریں :