09 جون ، 2019
ٹاؤنٹن : آئی سی سی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کیخلاف میچ کیلئے ٹاؤنٹن میں موجود پاکستانی کرکٹرز نے اتوار کو ٹریننگ سیشن کے بعد ٹاؤنٹن کی کاؤنٹی سومرسیٹ کے جونیئر پلیئرز کے ساتھ وقت گزارا،انہیں ٹپس دیں، ساتھ کرکٹ کھیلی اور آٹو گراف بھی دیے۔
سومرسیٹ کاؤنٹی کے چھ سے چودہ سال کے درمیان 40 کے لگ بھگ بچے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ سیشن کے بعد کوپر ایسوسی ایٹس گراؤنڈ ٹاؤنٹن پہنچے اور پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ٹریننگ کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، سینئیر کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کے علاوہ نوجوان شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، حسن علی اور امام الحق بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کو کرکٹ کی ٹپس دیں۔
پاکستانی کرکٹرز نے بچوں کو بولنگ کرائی اور ان کے شاٹس پر بھر پور حوصلہ افزائی بھی کی۔
بعد ازاں بچوں نے پاکستانی کرکٹرز سے آٹو گراف لیے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ پاکستان ٹیم کے اسپنر شاداب خان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر انہیں اچھا لگا، انہیں بھی بچپن میں خواہش تھی کہ اسٹارز کے ساتھ کھیلیں لیکن ایسا موقع نہیں ملا۔ پاکستان کے انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر سومرسیٹ کے بچوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز نے اس سے قبل بھی برسٹل میں کرکٹ فور گُڈ کی سرگرمی میں حصہ لیا تھا۔