10 جون ، 2019
پاکستان اور آسٹریلیا بدھ کو ورلڈ کپ کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے اور دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے باؤنسی وکٹ تیار کی گئی ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف بدھ کو ہونے والے ورلڈ کپ میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں۔
پیر کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے خوشگوار موسم میں تین گھنٹہ طویل پریکٹس سیشن کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی خصوصی ڈرلز بھی کیں۔
پاکستان ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ٹریننگ کے موقع پر گراؤنڈ میں موجود تھے جو ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے طویل مشاورت بھی کرتے دکھائی دیئے۔
آج موسم بہتر تھا جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم مینجمنٹ کو وکٹ دیکھنے کا بھی موقع ملا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے تیار کی گئی وکٹ پر گھاس موجود ہے اور امکان ہے کہ میچ میں فاسٹ بولرز کو مدد ملےگی۔
اگر میچ کے روز تک پچ پر گھاس برقرار رہی تو پاکستانی ٹیم ایک اضافی فاسٹ بولر کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نیٹس پر بھرپور محنت کرتے دکھائی دیئے۔
یاد رہے کہ انہیں اب تک ورلڈ کپ میں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے تاہم وہ ورلڈ کپ کو یادگار ایونٹ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ٹاؤنٹن کے موسم میں پہلے سے بہتری آئی ہے تاہم بدھ کو بارش کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں اوپنگ آرڈر کو جارح کرنے کے لئے بھی پلاننگ کر رہی ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد ٹاؤنٹن پہنچ چکی ہے جہاں منگل کو وہ پریکٹس سیشن منعقد کرے گی۔