کھیل

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: کیا ٹاؤنٹن کی پچ واقعی دھوکا دے گی؟

شام کو پریکٹس سیشن کے بعد کپتان سرفراز احمد، کوچ مکی آرتھر اور پاکستانی کھلاڑی پچ پر گئے اورکیوریٹر سے طویل بات چیت کی — فوٹو: پی سی بی 

کیا ٹاؤنٹن کی پچ کے بارے میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے خدشات درست ہیں، پچ واقعی دھوکا دے گی؟

پاکستانی ٹیم نے اس گراؤنڈ پر اب تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے، البتہ گرین شرٹس یہاں سائیڈ میچ کھیل چکی ہے اور اظہر علی کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھایا جارہا ہے جب کہ اس گراؤنڈ پر آسٹریلیا کا بھی پہلا میچ ہوگا۔

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹاؤنٹن کی پچ کیسا برتاؤ کرے گی، اس بارے میں کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے، شام کو جب موسم بہتر ہوا تو پچ سے گھاس صاف کردی گئی اور میچ سے قبل صبح مزید گھاس صاف کی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ میچ کو دیکھتے ہوئے کیوریٹر نے پچ کو پہلے سے تیار نہیں کیا تھا، بظاہر پچ ایک جانب سے نرم اور دوسری جانب سے سخت ہے۔

شام کو پریکٹس سیشن کے بعد کپتان سرفراز احمد، کوچ مکی آرتھر اور پاکستانی کھلاڑی پچ پر گئے اورکیوریٹر سے طویل بات چیت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کپتان اور مکی آرتھر نے پچ کے بارے میں پاکستانی کھلاڑی اظہر علی سے بھی بات چیت کی ہے کیوں کہ اظہر علی مسلسل دوسرے سیزن میں سمرسیٹ کاؤنٹی کے لیے کھیل رہے ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ پچ کی حالت کو دیکھتے ہوئے ٹاس کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :