12 جون ، 2019
انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ میں محمد عامر نے اب تک 10 وکٹیں حاصل کیں اور فاسٹ بولر ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ورلڈ کپ میچ میں کینگروز کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 30 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کیں، محمد عامر نے جب پانچ وکٹ مکمل کئے تو وہ جشن منانے کے بجائے سجدہ ریز ہو گئے۔
عامر نے نہ صرف ابتدائی اوورز میں غیر معمولی بولنگ کی بلکہ پاکستان کو پہلی کامیابی بھی دلوائی، عامر نے ابتدائی 8 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل عامر کی بہترین بولنگ 28 رنز دے کر چار وکٹ تھیں جو انہوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں حاصل کی تھیں۔
محمد عامر نے تین میچوں میں اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا ہے، ٹیم انتظامیہ بھی ان کی فارم سے خوش ہے۔
لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کی برطانیہ سے خوشگوار یادیں وابستہ نہیں ہیں۔ 2010میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام آنے کے بعد پاکستانی ٹیم نے اگلا میچ ٹاؤنٹن میں ہی کھیلا تھا، پابندی ختم ہونے کے بعد عامر نے پہلا فرسٹ کلاس میچ بھی ٹاؤنٹن میں کھیلا تھا اور تین وکٹ حاصل کیں تھیں۔
یاد رہے کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد محمد عامر کی بولنگ کارکردگی میں غیر معمولی طور پر تنزلی آئی تھی، دو سال میں پانچ ون ڈے وکٹیں ملنے کے بعد محمد عامر کی فارم پر سوال اٹھائے جا رہے تھے اور ورلڈ کپ کے لئے جس ابتدائی ٹیم کا اعلان ہوا تھا اس میں بھی عامر کا نام شامل نہیں تھا۔